اسلام آباد ۔بچوں کے جرا ئم کے خلاف انٹر پول کی ٹیم نے کرمنل انٹیلی جنس آفیسر گیبریلا جاویرا چمورو کونچا (Ms.Gabriela Javera Chamorro Concha)کی سربراہی میں گزشتہ روز وفاقی محتسب سیکریریٹ کا دورہ کیا
جہاں انہیں بچوں کے شکایات کمشنر محمد اشفا ق احمد نے بچوں کے خلاف سائبر کرائمز کو روکنے اور خاص طور پر بچوں کی بہتری کے لیے اس دفتر کی کوششوں کے با رے میں جا مع بر یفنگ دی۔ٹیم کو بتایا گیا کہ اس مقصد کو حاصل کرنے کے لیے کئی اقدامات اٹھا ئے گئے ہیں
جن میں بچوں کے لیے ایک شکایات کمشنر کی تقرری، ملک میں بچوں کی حالت پر نظر رکھنا، بچوں کے خلاف تشدد کے واقعات کی نشاندہی کے لیے میڈیا رپورٹس سے استفا دہ، قانون سازی میں اصلاحات کے لیے پارلیمنٹ کی معا ونت، کلیدی اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کے ذریعے انتظا می مسائل کو حل کرنا، تحقیق، وکالت، آگاہی میں اضافہ اور صلاحیت کی تعمیر وغیرہ شا مل ہیں۔
بچوں کے کمشنر نے ٹیم کو بر یفنگ کے دوران بتا یا کہ کمشنر شکا یات برائے اطفال کے دفتر نے مختلف سطحوں پر بچوں کے خلاف سائبر کرائمز کے معاملے کو بھرپور طریقے سے آگے بڑھایا ہے اور مداخلت کے لیے کچھ اہم شعبوں کی نشاندہی کی ہے جیسے عوامی بیداری اور میڈ یا میں حساسیت پیدا کرنا نیز قانونی اصلاحات کے لئے وکالت اور صلاحیت کی تعمیر۔ ٹیم کو مزید بتایا گیا کہ متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ فعال رابطوں کے ذریعے بچوں کے حقوق کے با رے آ گا ہی میں بے پناہ اضا فہ ہوا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عوامی خدمات کے پیغامات پیمرا، پی ٹی وی، پی بی سی، پی ٹی اے اور سوشل میڈیا کے ذریعے پھیلائے جا رہے ہیں۔ ٹیم کو اس حوالے سے ”زینب الرٹ اور رسپانس اینڈ ریکوری ایکٹ 2020ئ “ سے بھی آگاہ کیا گیا۔ ٹیم نے وفاقی محتسب کے شکا یات کمشنر برا ئے اطفال کی طرف سے ملک میں بچوں کی بہبود اور بچوں کے خلاف سائبر کرائمز کو روکنے کی کوششوں کو سراہا۔ ٹیم نے باہمی رابطے کو فروغ دینے اور تجربات کے زیادہ سے زیادہ اشتراک کی ضرورت پر زور دیا۔ واضح رہے کہ انٹرپول ٹیم کا یہ دورہ بچوں کے آن لائن استحصال سے نمٹنے کے اقدامات کا حصہ تھا۔