خیبر پختونخوا قافلے کے ساتھ کرین ،ایمبولینس بھی تیار

پی ٹی آئی گرینڈ جرگہ، راولپنڈی میں دفعہ 144 نافذ

راولپنڈی: تحریک انصاف کے صوابی میں ہونے والے بڑے پارٹی جرگے اور جلسے کے معاملے میں پنجاب حکومت سرگرم ہوگئی۔

راولپنڈی شہر میں دفعہ 144 کے نفاذ کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا ہے، جس کے تحت جلسے، جلوس، ریلی اور تمام قسم کے اجتماعات، نیز اسلحے کی نمائش پر سخت پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔

ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ نے اس نوٹیفیکیشن کا اجرا کرتے ہوئے بتایا کہ دفعہ 144 کا اطلاق 8 نومبر سے 10 نومبر تک ہوگا۔

پنجاب سے تحریک انصاف کے قافلوں کے حوالے سے راولپنڈی اور اٹک پولیس کو کسی بھی ہنگامی صورتحال کا مقابلہ کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

سینٹرل پولیس آفس لاہور نے پنجاب کے چار اضلاع کے ڈی پی اوز کے ساتھ ساتھ پنجاب کانسٹیبلری اور ہائی وے پیٹرولنگ پولیس کی 1500 اہلکاروں کی ایک فورس کو آر پی او راولپنڈی کے زیر انتظام دے دیا ہے، اور اس فورس کو آر پی او راولپنڈی کی ہدایت کے مطابق کام کرنے کا مراسلہ بھی جاری کیا گیا ہے۔

تمام فورسز کو فسادات سے نمٹنے کے لیے ضروری آنسو گیس شیلز اور دیگر اینٹی رائٹ ساز و سامان فراہم کیا جائے گا، اور ان کی نقل و حرکت، کھانے پینے اور رہائش کے انتظامات کی ذمہ داری سی پی او راولپنڈی اور ڈی پی او اٹک پر عائد ہوگی۔