آئینی ترامیم پر وسیع اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، وزیراطلاعات

بانی پی ٹی آئی دہشتگردوں کو واپس لائے، آج وہی لوگ حملے کررہے ہیں، وزیر اطلاعات

لاہور۔وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے بانی نے دہشت گردوں کو واپس لایا، اور آج وہی عناصر ہمارے خلاف حملے کر رہے ہیں۔

مزار اقبال پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ علامہ اقبال کا جو تصورِ خودی ہے اور خود انحصاری کا پیغام ہے، اس کی ضرورت پوری مسلم امہ کو ہے۔ یہی پیغام ہمارے لیے ترقی اور خوشحالی کا راستہ فراہم کرتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں سوچنا چاہیے کہ اقبال کے افکار کو کس طرح پھیلایا جائے، کیونکہ معاشرے میں نفرتیں پھیلائی گئی ہیں اور بھائی کو بھائی سے لڑایا گیا ہے۔ امت میں اتحاد اسی وقت قائم ہو سکتا ہے جب ہم خود آپس میں اتحاد قائم کریں گے۔

عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ فلسطین کی موجودہ صورتحال پر کوئی بات کرنے والا نہیں ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیوں گولڈ اسمتھ کا کوئی بیان نہیں آیا، اور فلسطین پر ظلم کرنے والوں کے خلاف لندن جا کر مہم کیوں نہیں چلائی جاتی؟ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے فلسطین کے مسئلے پر کل جماعتی کانفرنس کا انعقاد کیا جس میں تمام جماعتوں نے شرکت کی، لیکن ایک جماعت نے شرکت نہیں کی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ کوئی جماعت پاکستان سے بڑی نہیں ہے، اور پاکستان ہی سیاست کا مرکز ہے۔

وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ حکومتی پالیسیوں کی بدولت ملک میں دوست ممالک سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔ وزیراعظم نوجوانوں کو آگے لانے کے لیے کام کر رہے ہیں اور مہنگائی میں کمی آئی ہے۔ ہمیں اقبال کی سوچ کے مطابق معیشت کو بہتر بنانا ہوگا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ حکومت نے ونٹر پیکیج متعارف کرایا ہے۔

عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں مہنگائی اور امن و امان کی صورتحال پر کوئی اقدامات نہیں کیے جا رہے۔ وہاں کی صورتحال یہ ہے کہ ایک جگہ بزدار، دوسری جگہ پنکی اور تیسری جگہ گوگی کو بٹھا دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 26 ویں آئینی ترمیم پر وکلا نے مہر لگائی تھی، لیکن حامد خان آج اس پر اعتراض اٹھا رہے ہیں، حالانکہ انہوں نے اس کی مخالفت کھل کر کبھی نہیں کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ خان صاحب نے مسودہ دیکھ کر کہا تھا کہ یہ لوگ پاگل ہیں اور اس پر عمل کرنے کا کوئی فائدہ نہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ریاستی سطح پر خارجہ پالیسی میں کئی اہم پہلو شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹرمپ کے آنے سے جو بیانیہ بنایا جا رہا ہے، وہ درست نہیں ہے، کیونکہ امریکہ کے ساتھ ہماری خارجہ پالیسی اب بہتر ہو چکی ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی افسوس کا اظہار کیا کہ امریکی انتخابات کو سیاسی حریفوں نے یونین کونسل کے انتخابات بنا دیا ہے۔

کوئٹہ کے ریلوے اسٹیشن پر ہونے والے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہم دہشت گردی کا خاتمہ کریں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ طالبان کو پی ٹی آئی کے بانی نے واپس لایا تھا، اور آج وہی لوگ حملے کر رہے ہیں۔ دہشت گردوں کو پی ٹی آئی کے بانی نے واپس لایا تھا۔

وزیر اطلاعات نے کرکٹ کو سیاست سے علیحدہ رکھنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ چیمپئنز سیریز پاکستان میں ہی ہو گی، اور اگر کسی کو اس پر اعتراض ہے تو وہ اپنے خیالات تحریری طور پر بھیج سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ معاملات ایسے ہیں جنہیں سیاسی اثرات سے آزاد رکھنا چاہیے۔