خاتون نے پڑوسی کے گھر سے 20 تولہ سونا چوری کرکے عمرہ کرلیا

کراچی۔لیاری کے علاقے بغدادی میں ایک خاتون نے اپنے پڑوسی کے گھر سے 20 تولہ سونا چوری کرکے اسے فروخت کیا اور پھر اس رقم سے عمرہ ادا کر لیا۔

پولیس کے مطابق، 27 اکتوبر کو تھانہ بغدادی میں 20 تولہ سونا چوری ہونے کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ پولیس نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر ملزم عمران کو گرفتار کیا، جس نے انکشاف کیا کہ یہ واردات اس کی بیوی شہناز نے کی ہے۔

پولیس حکام نے بتایا کہ ملزمہ شہناز سے 3 تولہ سونا اور 15 لاکھ روپے کی نقد رقم برآمد کی گئی ہے۔ تحقیقات کے مطابق، ملزمہ نے پڑوسی کے گھر میں فیملی کی غیر موجودگی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے یہ چوری کی واردات کی۔ اس نے 17 تولہ سونا فروخت کر کے حاصل شدہ رقم سے عمرہ ادا کرنے کے لیے سفر کیا۔پولیس مزید برآمدگی اور ملزمہ کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہی ہے۔