راولپنڈی ۔سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے 24 نومبر کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے احتجاج سے لاتعلقی کا اعلان کر دیا ہے۔اپنے ایک بیان میں شیخ رشید نے واضح کیا کہ ان کا 24 نومبر کے احتجاج سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ فوج کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا، “فوج کے خلاف کبھی بات نہیں کی اور میری خواہش ہے کہ تعلقات بہتر ہوں، لیکن اس حوالے سے کسی نے رابطہ نہیں کیا۔”
شیخ رشید نے اپنے خلاف مقدمات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کے خلاف کوئی ٹھوس شہادت موجود نہیں ہے۔ انہوں نے کہا، “اگر میں قصوروار ہوں تو مجھے سزا دی جائے، لیکن الزامات میں کوئی بنیاد نہیں۔”
پی ٹی آئی سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے شیخ رشید نے طنزیہ انداز میں کہا، “یہ پہلی بار ہے کہ فوج کو میری ضرورت نہیں ہے۔” انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ سیاسی حالات میں وزیر اعظم شہباز شریف کسی بھی تقریب، حتیٰ کہ عقیقے کی دعوت میں بھی شریک ہونے پہنچ جاتے ہیں۔