اسلام آباد ۔ادارہ شماریات نے پاکستان میں بولی جانے والی مادری زبانوں کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق، ملک میں سب سے زیادہ بولی جانے والی مادری زبان پنجابی ہے، جسے 8 کروڑ 89 لاکھ افراد اپنی مادری زبان کے طور پر استعمال کرتے ہیں۔
اس کے بعد پشتو آتی ہے، جو 4 کروڑ 36 لاکھ افراد کی مادری زبان ہے، جبکہ تیسرے نمبر پر سندھی ہے جسے 3 کروڑ 44 لاکھ افراد بولتے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ 2 کروڑ 88 لاکھ افراد کی مادری زبان سرائیکی ہے، جب کہ اردو 2 کروڑ 22 لاکھ افراد کی مادری زبان ہے، جو پانچویں نمبر پر آتی ہے۔ اسی طرح بلوچی زبان 81 لاکھ 17 ہزار افراد کی مادری زبان ہے، اور کشمیری زبان بولنے والوں کی تعداد 2 لاکھ 74 ہزار ہے۔
اس رپورٹ کے مطابق پاکستان میں ہندکو بولنے والوں کی تعداد 55 لاکھ 90 ہزار ہے، اور براہوی بولنے والے 27 لاکھ 78 ہزار ہیں۔ ایک لاکھ 16 ہزار افراد شینا بولتے ہیں۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ 52 ہزار 134 افراد کی مادری زبان بلتی ہے، اور 7 ہزار 466 افراد کی مادری زبان کیلاش ہے۔
ادارہ شماریات نے اس بات کا بھی انکشاف کیا کہ اس وقت پاکستان میں 10 لاکھ 39 ہزار افراد کی مادری زبان کوہستانی ہے، جب کہ 33 لاکھ 37 ہزار افراد دیگر مختلف زبانیں بولتے ہیں۔
رپورٹ کی بنیاد پر اردو کو سرکاری زبان کے طور پر مکمل طور پر رائج نہ کرنے پر حکومت سے سوالات بھی اٹھائے جا رہے ہیں۔