راولپنڈی ہکلہ میں شرپسندوں کاتشدد کانسٹیبل محمد مبشربلال شہید نماز جنازہ پو لیس لائینز ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں ادا کر دی

لاہور .انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے راولپنڈی کے علاقے ہکلہ میں شرپسندوں کے تشدد سے شہید ہونے والے کانسٹیبل محمد مبشربلال کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔ نمازہ جنازہ پو لیس لائینز ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں اد اکر دی گئی۔نماز جنازہ میں وفاقی وزیر داخلہ سید محسن نقوی،پاک فوج کے افسران، سی پی او راولپنڈی سید خالد ہمدانی، ایس ایس پی ایس پی یو محمد شاہد،ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ سمیت سینئر افسران و اہلکار شریک ہوئے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کانسٹیبل محمد مبشربلال شہیدکے جسد خاکی کو سلامی پیش کی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ کانسٹیبل محمد مبشربلال شہیدکے بلندی درجات کے لیے دعا کی گئی۔

پولیس کے چاک و چوبند دستے نے کانسٹیبل محمد مبشربلال شہیدکے جسد خاکی کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انورنے شہید کانسٹیبل محمد مبشر بلال کی نماز جنازہ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب پولیس کانسٹیبل محمد مبشر بلال جیسے1700 سے زائد بہادر شہداء اور 2200 سے زائد غازیوں کی امین فورس ہے۔پنجاب پولیس کے 119 افسران و اہلکار آج شر پسندوں کے ہاتھوں زخمی ہوئے ہیں۔پنجاب پولیس کے 04 جوانوں کو فائر آرمڈ انجریز ہیں جبکہ کریٹیکل اور ہیڈ انجریز بھی ہیں۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ اسلحہ پولیس بھی چلا سکتی ہے مگر جوان مسلح نہیں رکھے ہوئے تھے جبکہ پنجاب پولیس کی 22 سے زائد گاڑیوں کو نقصان پہنچایا گیا، پنجاب پولیس کی فورس 02 لاکھ 10ہزار پر مشتمل ہے اور پاکستان اور وفاقی دارالحکومت کو محفوظ بنانے کے لیے پنجاب پولیس 22 ہزار جوان ہمہ وقت موجود رہیں گے،مزید برآں آئی جی پنجاب نے کہا کہ پنجاب پولیس اپنے بہادر شہید کی قربانی کو کبھی فراموش نہیں کرے گی،کانسٹیبل مبشر کی شہادت میں ملوث شرپسندوں کو قانون کے کٹہرے میں لا کر قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی اور شہید کانسٹیبل کے اہل خانہ کی ویلفیئر کا ہر ممکن خیال رکھا جائے گا۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ کانسٹیبل محمد مبشربلال شہید کا تعلق ضلع مظفرگرھ سے ہے اور شہید کے سوگواران میں اہلیہ،01 بیٹا اور 02 بیٹیاں شامل ہیں۔
٭٭٭٭٭