آر ڈی اے کا غیر قانونی پراپرٹیز کے خلاف ایکشن،دھمیال کلیال روڈ، جی ٹی روڈ اور چک بیلی خان روڈ پر غیر قانونی کمرشل پراپرٹیز کو سیل کر دیا .

راولپنڈی .ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کنزہ مرتضیٰ کی ہدایت پر آر ڈی اے کے انفورسمنٹ سکواڈ نے دھمیال کلیال روڈ، جی ٹی روڈ اور چک بیلی خان روڈ راولپنڈی پر غیر مجاز کمرشل و رہائشی عمارتوں کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن کیا۔ آر ڈی اے کے ترجمان کے مطابق، اس آپریشن کے دوران سکواڈ نے سات غیر قانونی کمرشل مارکیٹوں اور تین رہائشی گھروں کو سیل کر دیا۔ آپریشن میں آر ڈی اے کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر بلڈنگ کنٹرول، بلڈنگ انسپکٹرز اور دیگر اہلکار شامل تھے،اس آپریشن میں تھانہ پولیس دھمیال اور روات راولپنڈی کی معاونت حاصل تھی، آپریشن کے دوران، جائیدادوں اور گھروں کے مالکان کی یہ بات سامنے آئی کہ وہ منظور شدہ بلڈنگ پلانز اور نقشوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غیر قانونی تعمیرات کر رہے تھے، آر ڈی اے کی جانب سے متعدد بار پیشگی نوٹسز جاری کیے گئے تھے،تاہم مالکان نے پنجاب ڈویلپمنٹ آف سٹیز ایکٹ 1976 اور آر ڈی اے بلڈنگ اینڈ زوننگ ریگولیشنز 2021 کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غیر قانونی کمرشل عمارتیں تعمیر کیں۔

ڈی جی آر ڈی اے کنزہ مرتضیٰ نے لینڈ یوز اینڈ بلڈنگ کنٹرول ونگ کو ہدایت کی ہے کہ وہ تجاوزات، غیر مجاز تعمیرات، اور غیر قانونی تجارتی سرگرمیوں کے خلاف سخت اقدامات کریں ،اس کے علاوہ، بلڈنگ کنٹرول ونگ کو غیر قانونی رہائشی اور کمرشل عمارتوں کی منظوری، کمرشلائزیشن، اور متعلقہ عمارتی منصوبوں سے جڑی فیسوں اور چارجز کا جائزہ لینے کی بھی ہدایت کی ہے تاکہ آر ڈی اے کے دائرہ اختیار میں موجود تمام ڈھانچوں کو ریگولرائز کیا جا سکے ، آر ڈی اے نے عوام سے اپیل کرتے ہوۓ کہا کہ وہ تجاوزات کو ہٹانے کی اخلاقی ذمہ داری قبول کریں تاکہ مزید جرمانوں اور نقصانات سے بچا جا سکے.