نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے صدر اظہر جتوئی، سیکرٹری نیئر علی اور فنانس سیکرٹری وقار عباسی سمیت ایگزیکٹو باڈی کا سینئر صحافی مطیع اللہ جان کی گرفتاری پر اظہار تشویش

اسلام آباد . نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے صدر اظہر جتوئی، سیکرٹری نیئر علی اور فنانس سیکرٹری وقار عباسی سمیت ایگزیکٹو باڈی کا سینئر صحافی مطیع اللہ جان کی گرفتاری پر اظہار تشویش، صدر مملکت ، وزیر اعظم اور وزیر داخلہ سے گرفتاری کا فوری نوٹس لینے اور گرفتار صحافی کی بلاتاخیررہائی کا مطالبہ ،نیشنل پریس کلب کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں این پی سی کےصدر ،سیکرٹری اورفنانس سیکرٹری و ایگزیکٹو باڈی اراکین نے مطیع اللہ جان کی گرفتاری پر اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد پولیس کی جانب سے یہ اقدام بلاجواز اور انتہائی قا بل مذمت ہے جس کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا ، مطیع اللہ جان کی گرفتاری سے پوری صحافی برادری میں تشویش اور بے چینی پائی جا رہی ہے ،جو اس بات کی متقاضی ہے کہ حکومت اور متعلقہ اداروں کو اس کا فوری نوٹس لیتے ہوئے مطیع اللہ کی فوری رہائی کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے.

بیان میں کہا گیا کہ مطیع اللہ کی گرفتاری اس وقت عمل میں لائی گئی جب وہ اپنی صحافتی ذمہ داریوں کی ادائیگی میں مصروف تھے، ایسے میں یہ اقدام ریاستی جبر اور آزادی اظہار رائے کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کے مترادف ہے ، بیان میں صدر مملکت ، وزیر اعظم اور وزیر داخلہ سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ اس صورتحال کا نوٹس لیں اور مسئلے کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کریں تاکہ ملک میں آزادی اظہار رائے کو یقینی بنایا جا سکے اور صحافی آزادانہ طور پر اپنے صحافتی فرائض سر انجام دے سکیں ، بیان میں واضح کیا گیا کہ اگر مطیع اللہ جان کو فوری طور پر رہا نہ کیا گیا تو نیشنل پریس کلب جلد ہی دیگر صحافتی تنظیموں سے مل کر اپنے آئندہ کے لا ئحہ عمل کا اعلان کر ے گا ،اور اس کے لیے سڑکوں پر بھی آنا پڑا تو گریز نہیں کیا جائے گا