اسلام آباد( نیوز رپورٹر)چیئرمین ٹوارزم فار انٹر فیتھ پیس و پاکستان الائنس فار ریلیجیس ٹورازم آرگنائزیشن سید سادات حسین شاہ نے عراقی دورے سے واپس آنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو عالمی سطح پر مذہبی سیاحت کا مرکز بنانا ہماری اولین ترجیح ہے ۔پاکستان اور عراق کے درمیان مذہبی اور ثقافتی تعلقات مستحکم ہیں جنہیں مزید مضبوط بنانا ہے۔ مذکورہ دورہ نہ صرف مذہبی سیاحت کے فروغ بلکہ بین المذاہب ہم آہنگی کے لیے بھی انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ عراق کے دورے کے دوران مختلف مقدس مقامات کی زیارات اور وہاں کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا اس کے علاوہ عراق کی اہم مذہبی و سماجی شخصیات سے ملاقاتیں کیں جن کا مقصد پاکستان اور عراق کے درمیان مذہبی اور ثقافتی تعلقات کو مزید مستحکم بنانا ہے۔
اس دورے کے بعد ہم مذہبی سیاحت کے بین الاقوامی مواقع کو بڑھانے کے لیے اہم فیصلے کریں گے جو آرگنائزیشن کے طویل المدتی اہداف کے لیے ایک اہم پیش رفت ثابت ہوں گے۔عراق کا یہ دورہ نہ صرف پاکستان کی مذہبی سیاحت کو بین الاقوامی سطح پر فروغ دینے کے لیے اہم ہے بلکہ بین المذاہب اتحاد اور تعاون کے فروغ میں بھی ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔ اپنی بھرپور کوششیں کر کے پاکستان کو عالمی سطح پر مذہبی سیاحت اور بین المذاہب ہم آہنگی کے مرکز کے طور پر پیش کریں گے .