اسلام آباد (نیوز رپورٹر)آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) نے خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں ولی بلاک کے بیٹانی-2 (سلیٹ) کنویں سے گیس اور کنڈینسیٹ کی دریافت کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ دریافت ساماناسک فارمیشن میں ہوئی، جو کہ ایک اہم تحقیقی زون ہے۔ او جی ڈی سی ایل اس ولی ایکسپلوریشن لائسنس کی واحد آپریٹر ہے، جس میں کمپنی کا 100 فیصد حصہ ہے، تفصیلات کے مطابق بیٹانی-2 (سلیٹ) کنواں تحقیقی منصوبے کے تحت کھودا گیا اور 5080 میٹر گہرائی تک پہنچایا گیا، جہاں شنوارہ فارمیشن میں تجربات کیے گئے۔کیسڈ ہول ڈرل اسٹیم ٹیسٹ (ڈی ایس ٹی-1)کے ذریعے کنویں سے روزانہ 2.14 ملین معیاری مکعب فٹ گیس اور 74 بیرل کنڈینسیٹ کی پیداوار حاصل ہورہی ہے۔
یہ پہلی بار ہے کے ساماناسک فارمیشن میں ہائیڈروکاربن دریافت ہوئی ہے، جس سے بنوں بیسن کے جنوبی مغربی حصے میں مزید تحقیقی امکانات روشن ہوئے ہیں۔ او جی ڈی سی ایل نے اس خطے میں مزید ذخائر کی تلاش کے لیے ایک جامع منصوبہ تیار کرلیا ہے تاکہ ملک کو توانائی کے شعبے میں خود کفیل بنایا جا سکے، یہ دریافت نہ صرف خطے کی توانائی کی صلاحیتوں کو اجاگر کرے گی بلکہ ملک کی بڑھتی ہوئی توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرے گی۔ او جی ڈی سی ایل نے بنوں بیسن کے ذخائر میں کامیاب تحقیق کے ذریعے مزید دریافتوں کے لیے راہیں ہموارکردی ہیں .