او جی ڈی س ایل شمالی علاقے میں بھاری تیل کے کنویں کو کامیابی سے بحال کر کے توانائی کے شعبے میں اہم سنگ میل عبور کر لیا

اسلام آباد (نیوز رپورٹر ) آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل)نے شمالی علاقے میں بھاری تیل کے کنویں کو کامیابی سے بحال کر کے توانائی کے شعبے میں اہم سنگ میل عبور کر لیا ہے، یہ اقدام گوجر خان ایکسپلوریشن لائسنس کے تحت ضلع چکوال میں واقع راجیان آئل فیلڈ میں کیا گیا، جو او جی ڈی سی ایل کی پیداوار بڑھانے کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔ اس سے پہلے، اس فیلڈ کے چار کنووں سے روزانہ 1,500 بیرل تیل حاصل ہو رہا تھا، موجودہ حکمت عملی کے بعد، مجموعی پیداوار بڑھ کر 2,500 بیرل یومیہ ہو گئی ہے۔او جی ڈی سی ایل نے راجیان فیلڈ کے لیے ایک جامع منصوبہ بنایا، جس میں 11 ورک اوور جابز اور جدید آرٹیفیشل لفٹ سسٹمز کا استعمال شامل تھا۔ اس منصوبے کے تحت راجیان کنواں-3 اے، جس کی گہرائی 3,652 میٹر ہے، کو بحال کیا گیا، یہ کنواں 2020 میں تکنیکی مسائل کی وجہ سے بند کر دیا گیا تھا۔کنواں کواو جی ڈی سی ایل نے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے، الیکٹریکل سبمرسبل پمپ (ای ایس پی) کی تنصیب کے ذریعے کامیابی سے بحال کیا، جس سے یومیہ 1,000 بیرل تیل کی اضافی پیداوار حاصل ہو رہی ہے۔او جی ڈی سی ایل کا راجیان فیلڈمیں باقی 10کنوؤں کی بحالی کے لیے اصلاحی پروگرام جاری ہے۔ ای ایس پی کی تنصیب سے راجیان فیلڈسے خام تیل کی پیداوار میں مزید اضافے کی توقع ہے۔ یہ کامیابی او جی ڈی سی ایل کی آپریشنل مہارت اور پائیدار توانائی کی ترقی کے عزم کو اجاگر کرتی ہے۔ جدید ٹیکنالوجیزکے استعمال اور اثاثوں کی استعداد بڑھا کر، او جی ڈی سی ایل پاکستان کی توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے اور ہائیڈرو کاربن سیکٹر میں اپنی پوزیشن کو مزید مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔