اسلام آباد ۔پاکستان کے نیشنل بینک اور اس کی نیویارک برانچ کے خلاف عائد پابندیوں کے خاتمے کا اعلان کیا گیا ہے، اور امریکی فیڈرل ریزرو نے نیشنل بینک کے خلاف عمل درآمد کی کارروائیاں ختم کر دی ہیں۔
نیشنل بینک کی انتظامیہ نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو ایک خط کے ذریعے مطلع کیا ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ 22 فروری 2022 کو جاری کردہ “سیز اینڈ ڈیسسٹ آرڈر” 2 دسمبر 2024 کو ختم کر دیا گیا ہے۔ اسی طرح، 14 مارچ 2016 کو ہونے والا تحریری معاہدہ 17 دسمبر 2024 کو معطل کر دیا جائے گا۔
یہ اطلاع پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے قوانین کے تحت شِق اور سیکیورٹیز ایکٹ 2015 کی دفعات 96 اور 131 کے مطابق فراہم کی گئی ہے۔ نیشنل بینک نے اسٹاک ایکسچینج کے ذریعے متعلقہ شیئر ہولڈرز کو بھی اس پیشرفت سے آگاہ کیا ہے۔
یہ پیشرفت نیشنل بینک کے کاروباری عمل کے لیے ایک اہم مثبت قدم ہے، جو عالمی سطح پر اعتماد کو مزید مضبوط کرے گی۔