انتخابات میں کچھ لوگ استعمال ہوگئے،بانی پی ٹی آئی ملنا چاہیں گے تو سوچ کر فیصلہ کرونگا: مولانا فضل الرحمان

اسلام آباد ۔ جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی-ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ انتخابات میں کچھ افراد کو استعمال کیا گیا، جبکہ انہیں بانی تحریک انصاف کی جانب سے ملاقات کے لیے کوئی باضابطہ پیغام موصول نہیں ہوا۔ اگر ملاقات کی خواہش ظاہر کی گئی تو سوچ سمجھ کر فیصلہ کریں گے۔

اسلام آباد میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کے دوران مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ تحریک انصاف سے وفاقی سطح پر ورکنگ ریلیشن ہے، لیکن صوبائی معاملات پر جے یو آئی کا مؤقف مختلف ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2024ء کے عام انتخابات میں جے یو آئی کو لیول پلینگ فیلڈ فراہم نہیں کی گئی، اور ان کی جماعت نے کسی کے لیے استعمال ہونے سے انکار کیا۔

مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا کہ 26ویں آئینی ترمیم میں شخصیات کے بجائے اداروں کی مضبوطی کو فوقیت دی گئی۔ مدارس کی رجسٹریشن کے حوالے سے طے شدہ معاملات کو بلاوجہ چھیڑا گیا، لیکن خوش اسلوبی سے مسئلہ حل ہو رہا ہے۔

خیبر پختونخوا کے حوالے سے مولانا نے کہا کہ حکومت کی وہاں رٹ نظر نہیں آ رہی۔ ڈی آئی خان، بنوں، اور ٹانک دہشت گردوں کے رحم و کرم پر ہیں۔ ٹانک سے عدالتیں اور سرکاری دفاتر بھی ڈی آئی خان منتقل کیے جا چکے ہیں، جو حالات کی سنگینی کو ظاہر کرتے ہیں۔