اسلام آباد۔پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے وزیر دفاع خواجہ آصف پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ خواجہ آصف کی زبان ہمیشہ اشتعال انگیزی کا باعث بنتی ہے، حالانکہ اقتدار میں موجود افراد کو تحمل اور برداشت کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔
شیر افضل مروت نے کہا کہ خواجہ آصف ایک زیرک سیاستدان ہیں، انہیں مذاکرات کے لیے ایک موقع دینا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 2 جنوری کو تحریک انصاف حکومتی کمیٹی کے ساتھ دوبارہ مذاکرات کے لیے بیٹھے گی اور تمام سیاسی جماعتوں سے اپیل کی کہ اب وقت ہے کہ سیاسی مفادات سے ہٹ کر پاکستان کے مسائل پر توجہ دی جائے۔
رکن قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ مذاکرات ہماری کمزوری یا مجبوری نہیں ہیں، لیکن بات چیت سے پہلے دونوں فریقین کو اپنی زبان اور رویہ قابو میں رکھنا ہوگا تاکہ مذاکرات کو مثبت انداز میں آگے بڑھایا جا سکے۔
خواجہ آصف نے اس سے قبل لاہور میں ایک سیمینار کے دوران بانی تحریک انصاف پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ سیاستدان جو امریکی غلامی کے خلاف نعرے لگاتا تھا، آج امریکا سے مدد کی درخواست کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ حکومت اور تحریک انصاف کے مذاکرات کے مخالف نہیں، لیکن تاریخ گواہ ہے کہ صرف ن لیگ نے ہمیشہ مذاکرات کے لیے پہل کی ہے۔
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ مذاکرات ضرور ہونے چاہییں لیکن اس بات کا دھیان رکھنا ضروری ہے کہ فریقین اپنے عزائم کو سمجھیں اور کسی کا فائدہ نہ اٹھایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی دعا ہے کہ حکومت اور تحریک انصاف کے مذاکرات کامیاب ہوں تاکہ ملک کو موجودہ سیاسی بحران سے نکالا جا سکے۔