لوئردیر۔امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ اقتدار اور جیل سے رہائی کی امیدیں بھی امریکہ سے وابستہ ہیں، جبکہ ملک کے دس کروڑ سے زیادہ لوگ غربت کی زندگی گزار رہے ہیں اور حکمران عیاشیوں میں مگن ہیں۔
دیرلوئر میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تمام مذاہب اور مسالک کی عزت و احترام ضروری ہے، جماعت اسلامی ملک میں اتحاد و اتفاق چاہتی ہے، اور قرآن و حدیث کے نظام کو ہی اس ملک کی ترقی کا راستہ سمجھتی ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی کے پاس دیانتدار قیادت موجود ہے اور دنیا کا سب سے بڑا دہشت گرد امریکہ ہے، اقوام متحدہ اور امریکہ کو فلسطین میں معصوم بچوں کی لاشیں کیوں نظر نہیں آ رہی ہیں؟
انہوں نے کہا کہ فلسطین میں خونریزی ہو رہی ہے لیکن امریکہ خاموش ہے۔ جماعت اسلامی کا مقصد پاکستان میں اسلامی نظام کا نفاذ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکمرانوں کی نظر اقتدار اور جیل سے رہائی کے لیے بھی امریکہ کی طرف ہے، جبکہ ملک میں کروڑوں لوگ غربت کا شکار ہیں اور حکمران عیش و آرام کی زندگی گزار رہے ہیں۔