دھند کاراج،موٹروے کو تمام ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا

پنجاب میں گزشتہ کئی روز سے جاری شدید دھند آج بھی برقرار ہے، جس کی وجہ سے موٹر وے کے مختلف سیکشنز اور قومی شاہراہوں کو متعدد مقامات پر بند کر دیا گیا ہے۔

موٹر وے پولیس کے ترجمان سید عمران احمد کے مطابق، پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کے باعث لاہور، اسلام آباد، ملتان اور دیگر شہروں کو جانے والی اہم موٹرویز اور قومی شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے۔

دھند کی شدت کے باعث لاہور اسلام آباد موٹروے (ایم 2)، لاہور عبدالحکیم موٹروے (ایم 3)، پنڈی بھٹیاں سے ملتان تک موٹروے (ایم 4)، اور ملتان سے روہڑی تک موٹروے (ایم 5) کو بند کر دیا گیا ہے۔ لاہور سیالکوٹ موٹروے بھی دھند کی وجہ سے بند کر دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ قومی شاہراہوں پر ٹھوکر، موہلنوال، مانگامنڈی، پتوکی، اوکاڑہ، ساہیوال، میاں چنوں، چیچہ وطنی، خانیوال اور ملتان میں بھی ٹریفک کی صورتحال میں مشکلات پیدا ہوئی ہیں۔

مزید برآں، لودہراں، بہاولپور، احمد پور شرقیہ، رحیم یار خان اور صادق آباد میں بھی دھند کی شدت میں اضافہ دیکھنے کو ملا ہے۔

موٹروے پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ شہریوں کی حفاظت کے پیش نظر دھند کے موسم میں موٹرویز کو بند کر دیا جاتا ہے۔ انہوں نے عوام کو ہدایت کی کہ وہ دن کے اوقات میں سفر کرنے کو ترجیح دیں، کیونکہ صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک دھند کی شدت کم ہو جاتی ہے، اور یہ اوقات سفر کے لیے بہترین ہوتے ہیں۔

ڈرائیورز کو یہ بھی مشورہ دیا گیا کہ وہ دھند کے دوران اپنی گاڑیوں میں فوگ لائٹس کا استعمال کریں، تیز رفتاری سے گریز کریں اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں۔ ترجمان نے یہ بھی کہا کہ غیر ضروری سفر سے اجتناب کیا جائے، اور کسی بھی ہنگامی صورت حال میں معلومات یا مدد کے لیے ہیلپ لائن 130 سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔