وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں انصار الاسلام یا کوئی ملیشیا فورس آئی تو کچل کر رکھ دوں گا، 15 مارچ کے بعد عمران خان کی پوزیشن مزیدواضح ہوجا ئےگی، قومی اسمبلی اجلاس بلانے کا فیصلہ سپیکر نے کرنا ہے۔
وزیر داخلہ شیخ رشید نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ عمران خان کہیں نہیں جا رہے، دوستوں کو مشکل وقت میں ساتھ کھڑے ہونا چاہیے، چاہتے ہیں اتحادیوں کو ساتھ لے کر چلیں۔ بذات خود اعتراف کر چکا کہ چودھریوں کے میرے پر بہت احسانات ہیں، چودھری ظہور الہٰی اور خواجہ صفدر کے احسانات سے متعلق کتابوں میں لکھ چکا ہوں۔ میں نےعام بات کی، ق لیگ کا نام لیا نہ چودھریوں کا، چودھری شجاعت میرے بھائی ہیں، ان کیخلاف بات نہیں کر سکتا۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں کسی ملیشیا کو داخلے کی اجازت نہیں، جو قانون کو ہاتھ میں لے گا، قانون اسے ہاتھ میں لے گا، ملک کو جمہوریت کی طرف جانا چاہیے۔ پی ٹی آئی ،اپوزیشن کا جلسہ ایک جگہ ہوا تووزارت داخلہ بہترراستہ نکالےگی۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ سپیکر جوفیصلہ کریں گے وہ قانونی اورآئینی ہوگا، عمران خان جیتے گا، جیتنے کے بعد بھی لوگ باتیں کریں گے۔ تلخیوں کی طرف نہیں بڑھنا چاہیے، اتنا تناؤنہیں ہونا چاہیے، ہم چٹان اورسائےکی طرح عمران خان کیساتھ کھڑے ہیں،سب علما کا احترام کرتا ہوں کسی کو لڑنے کی اجازت نہیں دوں گا۔ مولانا فضل الرحمان کانام احترام سےہی لوں گا، ملک میں امن وامان کی ذمہ داری مجھ پرہے، کوئی انصارالاسلام یاملیشیا فورس آئی تو کچل کے رکھ دوں گا۔