پشاور۔وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا کہ 2025 ایک تبدیلی کا سال ہوگا، یا تو ہم رہیں گے یا وہ رہیں گے۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے علی امین گنڈا پور نے کہا کہ صوبے میں امن کا قیام ان کی ذمے داری ہے، اور وہ اس کام کو مکمل کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کے پاس عوامی حمایت نہیں ہے اور وہ عوام کے درمیان جا نہیں سکتے، جبکہ ہمارے پاس عوامی طاقت ہے۔ کرم کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے 50 سال کا عرصہ گزر چکا ہے اور اب یہ مسئلہ حل ہونے کے قریب ہے، اور اس کا حل میں ہی دوں گا۔
وزیراعلیٰ نے یہ بھی کہا کہ کسی کی کارکردگی اس کی معیشت میں نظر آتی ہے، ہم نے 24 فیصد سے زیادہ ریونیو بڑھایا ہے۔ اگر انہوں نے اپنی معیشت میں اضافہ کیا ہے تو وہ اسے سامنے لائیں۔
علی امین گنڈا پور نے بتایا کہ آئی ایم ایف نے خود تسلیم کیا ہے کہ خیبر پختونخوا نے اپنے ٹارگٹ پورے کیے ہیں۔ ہم نے 103 ارب روپے اضافی جمع کیے ہیں، جبکہ پنجاب 150 ارب روپے کے خسارے میں جا رہا ہے۔ اس کے بعد اگر وہ کہتے ہیں کہ انہوں نے کمال کیا ہے، تو یہ کمال نہیں ہے۔
علی امین گنڈا پور نے مزید کہا کہ کسی صوبے نے اپنی معیشت اتنی تیزی سے نہیں بڑھائی جتنی خیبر پختونخوا نے کی۔ وفاقی حکومت اور پنجاب خسارے میں ہیں، اور جو خسارے میں جا رہے ہیں، ان کو سزائیں ملنی چاہئیں۔