اسلام آباد۔انسانی اسمگلنگ میں ملوث ایف آئی اے کے 13 اہلکاروں کے خلاف مقدمات درج کرلیے گئے ہیں، جب کہ 35 اہلکاروں کو نوکری سے برطرف کردیا گیا ہے۔
وزیراعظم کی ہدایت پر کشتی حادثات میں ملوث اہلکاروں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ اس سلسلے میں انسانی اسمگلنگ میں ملوث ایف آئی اے کے 13 اہلکاروں کے خلاف مقدمات کا اندراج کیا گیا ہے۔
تحقیقات کے دوران ایف آئی اے کے ڈائریکٹر جنرل احمد اسحاق جہانگیر نے اردلی روم کا انعقاد کیا، جہاں کشتی حادثات میں ملوث 49 اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائیوں پر سماعت کی گئی۔ اس سماعت کے دوران کشتی حادثات میں ملوث 4 انسپکٹرز، 10 سب انسپکٹرز، 2 اے ایس آئی، 5 ہیڈ کانسٹیبلز اور 14 کانسٹیبلز کو نوکری سے برخاست کردیا گیا۔
ڈی جی ایف آئی اے احمد اسحاق جہانگیر نے کہا کہ کشتی حادثات میں غفلت اور لاپروائی برتنے والے اہلکاروں کے لیے ادارے میں کوئی جگہ نہیں ہے اور ان کے خلاف سخت انضباطی کارروائی کی جائے گی۔