اسلام آباد ۔بجلی کے نرخ میں 15 روپے فی یونٹ سے زائد کمی کے لیے ایک نیا منصوبہ ترتیب دے دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق نیپرا نے قیمتوں میں کمی کی تجاویز حکومت کو پیش کر دی ہیں، جن کے مطابق بیلنس آف ٹیرف کے ذریعے نرخوں کو کم کیا جا سکتا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فی یونٹ کپیسٹی ادائیگی اور سرچارجز پر نظرِثانی کر کے بجلی کے نرخ میں کمی ممکن ہے۔ آپریشنل مسائل کو حل کر کے بھی بجلی کی قیمتوں کو کم کیا جا سکتا ہے۔ اس وقت بجلی کی فی یونٹ قیمت 45 روپے 6 پیسے ہے۔
مزید معلومات کے مطابق، 45 روپے 6 پیسے میں سے 17 روپے 1 پیسے فی یونٹ کپیسٹی چارجز ہیں، جبکہ 15 روپے 28 پیسے فی یونٹ ٹیکس اور سرچارجز شامل ہیں۔ بجلی کی تقسیم کار کمپنیاں فی یونٹ 3 روپے 10 پیسے ڈسٹری بیوشن مارجن وصول کرتی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فی یونٹ ایک پیسہ مرمت، آمدنی کے حصول، اور آئندہ سال کی ایڈجسٹمنٹ کے لیے چارج کیا جاتا ہے۔ 1 روپے 37 پیسے فی یونٹ ٹرانسمیشن چارجز کے لیے مختص کیے جاتے ہیں، جبکہ بجلی کی خالص پیداواری قیمت 7 روپے 62 پیسے فی یونٹ ہے۔
مزید یہ کہ سرچارجز اور ایڈجسٹمنٹ ختم کرنے سے بجلی کی قیمت 25 روپے 20 پیسے فی یونٹ تک کم ہو سکتی ہے۔ اگر 7 روپے 52 پیسے کے سرچارجز اور 67 پیسے کی ایڈجسٹمنٹ ختم کر دی جائے تو 45 روپے 6 پیسے فی یونٹ بجلی کی قیمت گھٹ کر 20 روپے 4 پیسے ہو سکتی ہے۔