اسلام آباد: دفتر خارجہ کی سابق ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ کو فرانس میں پاکستان کا نیا سفیر تعینات کر دیا گیا ہے۔
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے وفاقی دارالحکومت میں ایک میڈیا بریفنگ کے دوران اعلان کیا کہ ممتاز زہرہ بلوچ کو فرانس میں پاکستان کی نمائندگی کے لیے سفیر مقرر کیا گیا ہے۔ اس تقرری کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب، سینئر سفارت کار شفقت علی خان کو دفتر خارجہ کا نیا ترجمان مقرر کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے گزشتہ روز نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق شفقت علی خان اس سے قبل یورپ کے لیے ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔ وہ روس اور پولینڈ میں پاکستان کے سفیر کے طور پر بھی تعینات رہ چکے ہیں۔