اسٹار لنک پاکستان میں رجسٹرڈ ہو چکی، تکنیکی پہلوؤں پر غور کیا جا رہا ہے، شزا فاطمہ

اسلام آباد۔وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزا فاطمہ خواجہ نے تصدیق کی ہے کہ امریکی ارب پتی ایلون مسک کی سیٹلائٹ انٹرنیٹ فراہم کرنے والی کمپنی اسٹار لنک کو سیکیورٹی ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) میں رجسٹر کر لیا گیا ہے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شزا فاطمہ نے کہا کہ اسٹار لنک کی رجسٹریشن کے بعد، خلائی بورڈ اتھارٹی مختلف تکنیکی پہلوؤں پر غور کر رہی ہے اور اس حوالے سے کمپنی کو آگاہ بھی کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں سیٹلائٹ انٹرنیٹ کے لیے ایک جامع ریگولیٹری نظام تشکیل دیا جا رہا ہے، تاکہ اسٹار لنک سمیت تمام نچلے زمینی مدار (LEO) سیٹلائٹس کے لیے عالمی کمپنیوں کو مواقع فراہم کیے جا سکیں۔

شزا فاطمہ خواجہ نے کہا کہ اسٹار لنک کی مقامی فریکوئنسیز کے حوالے سے کچھ مسائل ہیں، جن کے حل کے لیے ایک تفصیلی پالیسی پر کام جاری ہے تاکہ ان کے ممکنہ اثرات کا جائزہ لیا جا سکے۔

واضح رہے کہ یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی ہے جب ایلون مسک نے تصدیق کی کہ وہ پاکستان میں اسٹار لنک سروسز کے آغاز کے لیے اسلام آباد کی منظوری کے منتظر ہیں۔