بیرون ملک مسافروں کیلئے سہولت مرکز ایپ تیار کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد۔چیئرمین ایف بی آر نے بیرون ملک سے آنے اور جانے والے مسافروں کی سہولت کے لئے (سہولت مرکزایپ) تیار کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

ایپ کے ذریعے گھر بیٹھے بیرون ملک سفر کرنیوالے شہری یہ معلومات لے سکتے ہیں کہ کون سا سامان لیجایااور لایاجاسکتا ہے۔اس ایپ کے ذریعے اگر کسی مسافر سے کسٹم اہلکار ایئرپورٹ پر کوئی زیادتی یا رشوت وصولی کاتقاضاکرتا ہے تو وہ ایپ سے اپنی شکایات کااندراج بھی کروا سکتا ہے جس پر فوری طور پر متعلقہ اہلکار یا افسر کیخلاف فوری ایکشن ہوگا۔

ٓذرائع نے بتایا کہ چیئرمین ایف بی آر کے حکم کے بعد چیف کلکٹر کسٹم ایئرپورٹ حسن ثاقب نے گزشتہ روز ایپ تیار کرنے والی آئی ٹی کمپنیوں اور ایکسپرٹس سے ملاقات کی۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں آئی ٹی ایکسپرٹس نے انہیں ایئرپورٹس سے متعلق بنائی جانے والی ایپ سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا۔

بیرون ملک جانے اور آنے والے کئی مسافروں نے کسٹم حکام کیخلاف وزیراعظم سمیت چیئرمین ایف بی آر کو تحریری شکایات کی تھیں۔جس کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے فوری طور پر ایکشن لیتے ہوئے کرپٹ و رشوت خور کسٹم مافیا کیخلاف فوری ایپ تیار کرکے ملوث افراد کیخلاف سخت کارروائی کا حکم دیا۔

چیئرمین ایف بی آر نے وزیراعظم کے احکامات کے بعد ایپ کی تیاری کافیصلہ کیا۔یہ ایپ ملک بھر کے تمام ایئرپورٹس ،بندرگاہوں،ڈائی پورٹس پر تعینات کسٹم اہلکاروں کیلئے بھی لاگو ہوگی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک بھر کے تمام ایئرپورٹس پر تعینات کسٹم عملے کے خلاف رشوت سمیت دیگر شکایت ہوتی ہیں ان کے خلاف ایکشن ہوگا جبکہ بیرون ملک جانے اور آنے والے مسافروں کو اس ایپ کے ذریعے ہر قسم کی معلومات بھی فراہم کی جائیں گی۔