پیسے نہ دئیے تو ’اووووو‘ کرکے میرے خلاف احتجاج کرنا، علی امین گنڈاپور

پشاور۔وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ اس سال یونیورسٹی آف پشاور کو 50 کروڑ روپے دینا ان کی ذمہ داری ہے، اور اگر وہ یہ رقم فراہم نہ کر سکے تو عوام ان کے خلاف “اووووو” کا نعرہ لگا کر احتجاج کریں۔

پشاور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہا کہ آبادی میں اضافہ ہو رہا ہے لیکن نئے صوبے نہیں بنائے جا رہے، جبکہ کچھ لوگ اپنی ذاتی بادشاہت قائم کرنے میں لگے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی سوچ میں تبدیلی لانی ہوگی اور اللہ کو جواب دہ ہونے کا شعور پیدا کرنا ہوگا۔ ہمیں کشکول توڑ کر اپنے پاؤں پر کھڑا ہونا ہے تاکہ خود انحصاری حاصل کی جا سکے۔

علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا پہلا صوبہ ہے جس نے اداروں کو مستحکم کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اداروں کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے اور 30 ارب روپے کا قرضہ ادا کرنے کے لیے خصوصی فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے نرسنگ اور میڈیکل کالج کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے دوبارہ اس بات کا اعادہ کیا کہ یونیورسٹی آف پشاور کو 50 کروڑ روپے دینا ان کی ذمہ داری ہے، اور اگر وہ یہ رقم نہ دیں تو ان کے خلاف احتجاج کیا جائے۔

انہوں نے پشاور یونیورسٹی کے اساتذہ کی ترقیوں کی منظوری دینے کا بھی اعلان کیا اور کہا کہ جامعات میں مارکیٹ کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے نئے شعبہ جات قائم کیے جائیں گے۔

علی امین گنڈاپور نے نیب پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ہر سال نیب کی جانب سے کرپشن کی رپورٹ جاری ہوتی ہے، لیکن اگر ادارے کام نہیں کر سکتے تو ان کا وجود بے معنی ہے۔