ایف بی آرکے ایک اعلی افسر کی گاڑیاں بنانے والی کمپنی سے مبینہ معاملات طےچھ ارب روپے مالیت کی ایک ہزار سے زائد نئی ہنڈا سٹی گاڑیاں خریدنے کا فیصلہ

اسلام آباد (سپیشل رپورٹر ) وزیر اعظم شہباز شریف کا اخراجات کم وزارتوں ، ملازمین کم کر نے کے احکامات کھوہ کھاتے فیڈرل بورڈ آف ریونیوکے ایک اعلی افسر کی گاڑیاں بنانے والی کمپنی سے مبینہ معاملات طےچھ ارب روپے مالیت کی ایک ہزار سے زائد نئی ہنڈا سٹی گاڑیاں خریدنے کا فیصلہ کر لیانئی گاڑیاں خریدنے کیلئے اٹلس ہنڈا کمپنی کو لیٹر آف انٹینٹ لکھ دیا ہے جن کی لاگت 6 ارب روپے سے زیادہ ہو گی۔

ایف بی آر کی جانب سے دس جنوری کو لکھے گئے ، خط کے مطابق نئی ہنڈا سٹی گاڑیوں کی خریداری 2 مراحل میں ہو گی جس کے لیے ایف بی آر مکمل رقم ادا کرے گا، 1010 گاڑیوں کی خریداری کے لیے 3 ارب کی پیشگی ادائیگی کی جائے گی، 3 ارب روپے 500 گاڑیوں کی مکمل ادائیگی کے طور پر تصور کیے جائیں گے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ 500 ہنڈا سٹی گاڑیوں کی پہلی کھیپ کی ترسیل کے بعد بقیہ ادائیگی کی جائے گی، 1010 گاڑیوں کی ڈلیوری جنوری سے مئی 2025 کے دوران کی جائے گی، پہلے مرحلے میں جنوری میں 75، فروری میں 200 گاڑیاں ڈلیور کی جائیں گی جبکہ مارچ میں 225 ہنڈا سٹی گاڑیوں کی ڈلیوری کی جائے گی۔

دوسرے مرحلے میں اپریل میں 250 اور مارچ میں 260 گاڑیاں ڈلیور کی جائیں گی۔ترجمان ایف بی آر کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ گاڑیوں کی خریداری ایف بی آر کے ٹرانسفارمیشن پلان کا حصہ ہے، کسی سے معاملات طے نہیں یہ ہنڈا سٹی گاڑیاں فیلڈ افسران کی استعداد کار بہتر بنانے کیلئے لی جا رہی ہیں، یہ گاڑیاں صرف فیلڈ افسران کے لیے ہوں گی۔