ٹرائل کے دوران میں نے ججز کو بیمار ہوتا، کانپتے ہوئے دیکھا: بشریٰ بی بی کا جج سے مکالمہ

اسلام آباد۔اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت میں سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے کہا کہ ان کے ساتھ جو کچھ ہوا ہے اس کے بعد انہیں قانون سے مکمل طور پر یقین ختم ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرائل کے دوران انہوں نے ججز کو بیمار ہوتے اور کانپتے ہوئے دیکھا ہے، اور ایک جج کا بلڈ پریشر 200 پر پہنچ گیا تھا، پھر بھی انہیں سزا سنانی پڑی۔

اس دوران جج طاہر عباس سپرا نے بشریٰ بی بی سے کہا کہ قانونی ضوابط پورے کیے گئے ہیں، لیکن بشریٰ بی بی نے جواب دیا کہ ملک میں قانون تو ہے، مگر انصاف نہیں ہے، اور ان کے شوہر بانی پی ٹی آئی عمران خان جیل میں آئین کی بالادستی کے لیے قید ہیں۔

جج طاہر عباس سپرا نے اس پر کہا کہ ملک کی بہتری کے لیے ہمیں سب کو مل کر کام کرنا ہے۔ اس کے بعد جج نے بشریٰ بی بی کو ہدایت کی کہ وہ تمام مقدمات میں شامل تفتیش ہوں، جس کے بعد بشریٰ بی بی انسداد دہشت گردی عدالت سے روانہ ہو گئیں۔