پاکستان رواں سال جون تک پانڈا بانڈ جاری کرے گا، وفاقی وزیر خزانہ

وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان جون 2025 تک پانڈا بانڈز جاری کرنے کا منصوبہ رکھتا ہے۔ وزارت خزانہ کے مطابق یہ بات وزیر خزانہ نے ہانگ کانگ کے ٹی وی بی نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے کہی۔

انٹرویو میں انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان پانڈا بانڈز کے ذریعے چین کی سرمایہ کاری کی منڈیوں میں اپنی موجودگی مضبوط بنانا چاہتا ہے، اور اس اقدام کے تحت پاکستانی حکومت تقریباً 200 ملین امریکی ڈالر جمع کرنے کی امید رکھتی ہے۔

وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ حکومت کی پالیسی معیشت کو برآمدات پر مبنی ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے تاکہ مالیاتی نظام میں پائیداری یقینی بنائی جا سکے۔

سی پیک کے حوالے سے، انہوں نے دوسرے مرحلے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سی پیک 2.0 چینی کمپنیوں اور سرمایہ کاری کو مزید فروغ دے گا۔

انہوں نے ہانگ کانگ کے ساتھ اقتصادی تعلقات مضبوط کرنے پر بھی زور دیا اور ہانگ کانگ کو مشترکہ تجارتی مواقع کے لیے ایک مثالی مقام قرار دیا۔ ساتھ ہی ہانگ کانگ کی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع دریافت کرنے کے لیے وفود بھیجنے کی دعوت دی۔

یہ اقدامات نہ صرف پاکستان کے معاشی استحکام بلکہ پاک چین تعلقات کو بھی نئی بلندیوں پر لے جا سکتے ہیں۔