جدہ ٹاون سکینڈل کے 132 متاثرین میں 9 کروڑ 70 لاکھ کے چیک تقسیم

اسلام آباد۔نیب نے جدہ ٹاون سکینڈل کے 132 متاثرین میں 9 کروڑ 70 لاکھ روپے رقوم کے چیک تقسیم کر دئیے ۔ قومی احتساب بیورو اسلام آباد میں جدہ ٹاون سکینڈل کے متاثرین میں رقوم کی تقسیم کے حوالے سے خصوصی تقریب منعقد ہوئی۔

تقریب میں مہمان خصوصی ، ڈپٹی چئیرمین نیب سہیل ناصر کے علاوہ پراسیکیوٹر جنرل نیب احتشام قادر شاہ، ڈائریکٹر جنرل نیب راولپنڈی مرزا عرفان بیگ اور دیگر افسران نے شرکت کی۔

ڈپٹی چیئرمین نیب سہیل ناصر نے کہاکہ چئیرمین نیب کے فہم و فراست کے مطابق نیب کےافسران عوام سے دھوکہ دہی اور فراڈ کے باعث ان سے لوٹے گئے سرمائے کی واپسی کے
لئے شبانہ روز کوشاں ہیں، گزشتہ دو برسوں میں ریکارڈ رقوم بر ا?مد کر کے متاثرین کو واپس دلائی جا چکی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نیب اپنا یہ قومی فریضہ خدمت اور دیانت کے جذبے کے ساتھ سر انجام دے رہا ہے اور ہر ممکن کاوشیں بروے کا ر لاتے ہوئے متاثرین کی ایک ایک پائی بر ا?مد کر کے انہیں واپس دلائی جائے گی۔

انہوں نے جدہ ٹاون رہائشی منصوبے کے متاثرین کی لوٹی گئی رقوم واپس دلانے کے لئے ڈی جی نیب راولپنڈی عرفان بیگ اور انکی ٹیم کو کوششوں کو سراہا، جنہوں نے پیشہ وارانہ مہارت سے کام کرتے ہوئے متاثرین کو ان کا حق واپس دلایا۔

سہیل ناصر نے کہا کہ نیب کی طرف سے عوامی آگاہی کی مہم ذور و شور کے ساتھ جاری ہے اور عوام کو خبر دار کیا جا رہا ہے کہ وہ سرمایہ کاری سے قبل ہر ممکن احتیاط برتیں اور کسی کے دھوکہ میں نہ آئیں۔ گزشتہ دوبرسوں میں بڑی تعداد میں ملزمان کی گرفتاری بھی عمل میں لائی گئی ہے اور اس سلسلے میں قانون سازی بھی کی جا رہی ہے۔ تاکہ شہریوں کو لوٹنے والے قرار واقعی سزاوں سے نہ بچ سکیں۔ تقریب کے آخر میں جدہ ٹاون کے متاثرین نے چیک وصول ہونے کے بعد نیب انتظامیہ کا شکریہ ادا کیاہے۔