صنعتوں کیلئے گیس مزید مہنگی کرنے کی منظوری

اسلام آباد۔وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے گھریلو صارفین کے لیے گیس کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، تاہم صنعتی شعبے کے لیے گیس کے نرخ بڑھانے کی منظوری دے دی گئی ہے۔

وفاقی وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، یہ فیصلہ وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی صدارت میں ہونے والے ای سی سی کے اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں وزارت پیٹرولیم کی جانب سے صنعتی شعبے (کیپٹو پاور) اور غیر محفوظ گھریلو صارفین کے لیے گیس کے نرخوں میں اضافے کی تجویز پر غور کیا گیا۔

ای سی سی نے تفصیلی بحث کے بعد مالی سال 2024-25 کے دوران گیس سیکٹر کی مطلوبہ آمدنی کو یقینی بنانے کے لیے کیپٹو پاور پلانٹس کے لیے گیس کے نرخ 3 ہزار روپے سے بڑھا کر 3 ہزار 500 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کرنے کی منظوری دی۔

کمیٹی نے گھریلو صارفین کو اضافی مالی بوجھ سے بچانے کے لیے ان کے گیس نرخوں میں کوئی تبدیلی نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔مزید برآں، اجلاس میں توانائی کے شعبے کی کارکردگی میں بہتری کے لیے گرڈ ٹرانزیشن لیوی نافذ کرنے کی ہدایت بھی دی گئی۔