کراچی(نیوز رپورٹر) چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو راشد محمود لنگڑیال نے اتوارکو انٹرنیشنل کسٹمز ڈے 2025 کی مناسبت سے کسٹمز ہاؤس کراچی میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کسٹمز نے اپنی کارکردگی کو جدید بنانے میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں، جن میں پاکستان سنگل ونڈو ( پی ایس ڈبلیو) اور فیس لیس کسٹمز اسیسمنٹ سسٹم کا نفاذ شامل ہے۔ ان اقدامات سے تجارتی عمل تیز، شفاف اور آسان ہو گیا ہے، جس کے نتیجے میں محصولات میں نمایاں اضافہ ہوا اور برآمدی سامان کی کلیئرنس مختصر وقت میں ممکن ہوئی ہے۔
تاجروں کے ساتھ حالیہ ملاقاتوں کا حوالہ دیتے ہوئے چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ کراچی کے تجارتی حلقے پاکستان کسٹمز کی جانب سے فیس لیس کسٹمز اسیسمنٹ سسٹم کے نفاذ پر خوش ہیں۔
چیئرمین ایف بی آر نے ورلڈ کسٹمز تھیم 2025
“Customs delivering on its commitment to efficiency, security and prosperity ” کو پاکستان کسٹمز کے لیے نہایت اہم قرار دیا، کیونکہ پاکستان کسٹمز خود کو ایک جدید، متحرک اور مستقبل کو پیش نظر رکھنے والا ادارہ بنانے کی کوشش کر رہا ہے ، اس موقع پر چیئرمین ایف بی آر نے پرچم کشائی کی، شہداء کی یادگار پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی بھی کی ، تقریب کے آغاز میں کلکٹر کسٹمز انفورسمنٹ کراچی، معین الدین وانی نے چیئرمین ایف بی آر، را شد محمود لنگڑیال ، ممبر کسٹمز آپریشنز (ایف بی آر)، جنید جلیل اور دیگر معزز مہمانوں کا تقریب میں شرکت کرنے پر شکریہ ادا کیا۔
تقریب کے اختتام پر، ممبر کسٹمز آپریشنز (ایف بی آر) جنید جلیل نے خطاب کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مستقبل میں بھی پاکستان کسٹمز ملک کی معیشت کو مستحکم کرنے، اسمگلنگ کی روک تھام کرنے ، کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے اور سہولتیں فراہم کرنے میں اپنا فعال کردار جاری رکھے گا ، جنید جلیل نے ملک کی معیشت کو مستحکم کرنے میں کسٹمز افسران کی خدمات کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ وہ مستقبل میں بھی اسی طرح اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔انہوں نے تقریب کے منتظمین کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ بھی ادا کیا ، بعد ازاں، چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران میں تعریفی اسناد تقسیم بھی کیں ،یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ہر سال 26 جنوری کو دنیا بھر میں انٹرنیشنل کسٹمز ڈے منایا جاتا ہے۔ گذشتہ برسوں کی طرح اس سال بھی پاکستان کے تمام کسٹمز کلکٹریٹس میں ورلڈ کسٹمز ڈے منایا گیا، جن میں سے کسٹمز ہاؤس کراچی میں کلکٹریٹ آف کسٹمز انفورسمنٹ کراچی کے زیر اہتمام منعقدہ مرکزی تقریب قابل ذکر تھی ،تقریب میں عمان، انڈونیشیا، کویت کے قونصل جنرلز، روس اور متحدہ عرب امارات کے قونصل خانوں کے نمائندوں، چیف کمشنرز، چیف کلکٹرز، کلکٹرز، کسٹمز کے دیگر سینئر افسران، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندے ، کاروباری اور سماجی شخصیات سمیت دیگر معززین نے شرکت کی