اسلام آباد ۔دفتر خارجہ نے پاک چین دوستی پر لگائے گئے بے بنیاد اور غلط الزامات کو سختی سے مسترد کر دیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں بین الاقوامی جریدے “گارڈین” میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ کا حوالہ دیا، جس کا عنوان تھا: “پاکستان کا دبئی کے ساتھ کیا غلط ہوا؟ چینی منصوبے میں ایسا کیا ہے جو دہشت گردی کو جنم دے رہا ہے؟” یہ رپورٹ گوادر کے بین الاقوامی ایئرپورٹ کے منصوبے سے متعلق تھی۔
ترجمان نے اس رپورٹ اور دیگر افواہوں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاک چین دوستی ایک مضبوط، دیرینہ اور ناقابلِ شکست رشتہ ہے جس میں کبھی کوئی تغیر نہیں آیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس نوعیت کی من گھڑت خبریں پاک چین تعلقات کو کمزور کرنے کی ناکام کوشش ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے ایک بار پھر پاکستان کے اصولی مؤقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ پاکستان “ون چائنہ پالیسی” کی مکمل حمایت کرتا ہے، جو کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی کا ایک اہم حصہ ہے، اور اس میں کبھی تبدیلی نہیں آئی۔
یہ بھی کہا گیا کہ پاکستان اور چین کی شراکت داری سی پیک جیسے منصوبوں کے ذریعے خطے میں ترقی اور خوشحالی کو فروغ دینے میں مددگار ثابت ہوئی ہے، اور ایسے الزامات کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔