وزیر داخلہ، اسپیکر قومی اسمبلی کی ملاقات، حکومت کے ساتھ مذاکرات میں پی ٹی آئی کے رویے پر گفتگو

لاہور۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، ملکی سیاسی صورتحال، اور مجموعی حالات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران ملک میں جاری سیاسی کشیدگی اور حکومت و اپوزیشن کے درمیان مذاکراتی عمل پر بھی گفتگو ہوئی۔

ذرائع کے مطابق، ملاقات میں خاص طور پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رویے پر بات چیت کی گئی، جس پر حکومت کی جانب سے کی گئی مثبت پیش رفت کے باوجود کوئی خاطر خواہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت تمام جماعتوں کو ساتھ لے کر چلنے کے لیے سنجیدہ ہے اور سیاسی استحکام کے لیے اپوزیشن کے ساتھ مذاکراتی دروازے کھلے رکھنا چاہتی ہے۔

وزیر داخلہ نے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی ان کاوشوں کو سراہا جو انہوں نے اپوزیشن اور حکومتی جماعتوں کے درمیان پل کا کردار ادا کرنے کے لیے کی ہیں۔ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں تمام سیاسی قوتوں کا مل بیٹھ کر مسائل کا حل نکالنا ہی ملک کے مفاد میں ہے۔