پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے عوامی مارچ کے دوران آصفہ بھٹو زرداری کے ڈرون کیمرے لگنے سے زخمی ہونے کے معاملے کی تحقیقات کے لیے انٹرسروسز انٹیلیجنس (آئی ایس آئی) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کو باضابطہ طور پر خط لکھ دیا ہے۔
سیکریٹری جنرل پی پی پی نیئر بخاری نے تصدیق کی کہ انہوں نے واقعے کی تحقیقات کے لیے ڈی جی آئی ایس آئی کو خط لکھا ہے۔
خط میں پیپلزپارٹی کی جانب سے آصفہ بھٹو زرداری کو ڈرون لگنے کے معاملے کی شفاف تحقیقات کی درخواست کی گئی ہے۔
نیئر بخاری کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ پیپلزپارٹی نے 27 فروری کو مزار قائد کراچی سے لانگ مارچ شروع کیا تھا، 4 مارچ کو عوامی مارچ خانیوال پہنچا تو ڈرون نے ٹرک کی جانب آکر آصفہ بھٹو کو نشانہ بنایا، ڈرون کیمرا لگنے کا معاملہ خانیوال پولیس اسٹیشن میں بھی رپورٹ کیا گیا تھا۔
خط میں مزید کہا گیا کہ پیپلزپارٹی نے سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری اور سابق وزیر اعظم شہید بنظیر بھٹو کی صاحبزادی آصفہ بھٹو کے ڈورن کیمرے کے ذریعے زخمی ہونے کے معاملے کو انتہائی سنجیدگی سے لیا ہے۔
پی پی پی نے خط میں کہا کہ ہم ڈی جی آئی ایس سے درخواست کرتے ہیں کہ ان کا ادارہ اس معاملے کی صاف شفاف تحقیقات کرکے حقائق سامنے لائے۔