لاہورسابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے سربراہ میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ بے ایمانی کے ساتھ آئے ہوئے شخص نے ملک کی بنیادیں ہلا دی تھیں، ہم نے پاکستان کی خاطر ہنستے ہوئے قربانیاں دیں، آگے بھی دریغ نہیں کریں گے۔
مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف اور وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف سے پنجاب اسمبلی کے اراکین نے ملاقاتیں کیں۔ملاقات کرنے والوں میں ننکانہ صاحب، شیخو پورہ، قصور، اوکاڑہ اور پاکپتن ڈویڑن سے تعلق رکھنے والے ارکان پنجاب اسمبلی میں شامل تھے۔
نواز شریف نے کہا کہ ہم نے زوال کا رخ ترقی کی طرف موڑ دیا ہے، معاشی اشاریوں کی بہتری پاکستان کی بہتری ہے، الحمدللہ معیشت میں بہتری لا کر ایک بار پھر پاکستان سنوار رہے ہیں۔
قائد پارٹی نے کہا کہ پالیسی ریٹ میں 22 سے 12 فی صد کی کمی سے معاشی سرگرمیاں بڑھ رہی ہیں اور معیشت کو فائدہ ہو رہا ہے، روپیہ مستحکم ہوا اور گروتھ بڑھ رہی ہے جبکہ اسٹاک ایکسچینج بلند ترین سطح پر ہے اور مہنگائی کم ہو رہی ہے۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ بے ایمانی کے ساتھ آئے ہوئے شخص نے ملک کی بنیادیں ہلا دی تھیں، ہم نے پاکستان کی خاطر ہسنتے ہوئے قربانیاں دیں، آگے بھی دریغ نہیں کریں گے۔
نواز شریف نے معیشت کے لیے وزیراعظم شہباز شریف کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف کی محنت رنگ لا رہی ہے، آئی ایم ایف نے بھی معاشی بحالی اور پاکستان کے ترقی کی طرف بڑھنے کا اعتراف کیا ہے۔
قائد پارٹی کا کہنا تھا کہ پنجاب کی رونقیں اور خوشیاں بحال ہو رہیں، اللہ نظر بد سےبچائے، اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں پاکستان سیاہ اندھیروں سے باہر آ رہا ہے، مسلم لیگ (ن) نے پھر ثابت کیا کہ ہم ہی ملک کی خدمت کرتے ہیں، عوام کو ریلیف دیتے ہیں۔
اراکین صوبائی اسمبلی کا کہنا تھا کہ فخر ہے کہ نواز شریف اور شہباز شریف ہمارے قائد ہیں جنہوں نے زخم کھائے لیکن ہمیشہ سیاست پر ریاست کے مفادات کو ترجیح دی، نواز شریف پاکستان کی ترقی کی علامت اور ضمانت ہے، ملک کی خوشحالی اور عوام کی بحالی کی بات آتی ہے تو صرف نواز شریف کا نام آتا ہے۔
انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز شریف جیسی مدبر اور محنتی وزیر اعلی کا ملنا، پنجاب اور ہماری خوش قسمت ہے، پہلی دفعہ سوئے ہوئے محکموں کو بھی کام پر لگا دیا گیا ہے، انہوں نے نواز شریف اور شہباز شریف کی ترقی کی روایت کو ایک نئی مثال بنا دیا ہے۔
اراکین اسمبلی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور پنجاب ترقی کر رہے ہیں، عوام کو تبدیلی نظر آ رہی ہے، ستھرا پنجاب سکیم پورے صوبے اور ہر ضلع میں صفائی کی مثال بن چکی ہے، پنجاب کے عوام خوش اور مطمئن ہیں، ترقیاتی کاموں کا معیار اور رفتار لائق تحسین ہے۔
اراکین پارٹی نے کہا کہ جن محکموں کو سال ہا سال کوئی پیسہ نہیں ملتا تھا، وہ بھی کام کر رہے ہیں، جنگلات، جنگلی حیات کا فروغ اور تحفظ، ماحولیاتی بہتری، شرمپس فارمنگ کا آغاز، لائیو سٹاک کی ترقی انقلابی اقدامات ہیں جبکہ ستھرا پنجاب، کسان کارڈ، ٹریکٹر اورجدید زرعی مشینری، سکالرشپ پروگرام کی فراہمی، سڑکوں کی تعمیر و بحالی، دھی رانی پروگرام، بنیادی و دیہی مراکز اور صحت کے پورے نظام کی اپ گریڈیشن بھی بڑے اقدامات ہیں۔
بعد ازاں وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی زندگی میں بہتری کا آنا ہی ہماری محنت کا صلہ ہے، نواز شریف پاکستان کی ترقی کا برانڈ ہے، ہماری پہچان اور شناخت نواز شریف ہیں۔