وزیر اعظم کی معاون برائے ماحولیاتی تبدیلی، رومینہ خورشید عالم نے گلستان پارک اسلام آباد میں پودا لگا کر موسم بہار شجر کاری مہم کا آغاز کر دیا

اسلام آباد (نیوز رپورٹر) وزیراعظم کی معاون برائے موسمیاتی تبدیلی رومینہ خورشید عالم نے موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے نمٹنے اور سبز معیشت کی جانب منتقلی کے لیے اجتماعی کوششوں، کاربن کے اخراج کو کم کرنا، قابل تجدید توانائی کا استعمال اور پائیدارسپلائی چینز کو متعارف کرانے جیسے ماحولیاتی لحاظ سے دوستانہ طریقوں کو اپنانے کے لئے صنعتکاروں پر زور دیا ،بدھ کے روز اسلام آباد کے گلستان فاطمہ پارک میں راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آر سی سی آئی) کے زیر اہتمام درخت لگانے کی تقریب “سبز زمین، صاف زمین” سے خطاب کرتے ہوئے رومینہ خورشید عالم نے اس اقدام کو سراہا اور کہا کہ کاروباری اداروں کا سبز اور پائیدار مستقبل کو یقینی بنانے میں اہم کردار ہے ،انہوں نے کہا، “کاروباری کمیونٹیز نہ صرف اقتصادی ترقی کے لئے اہم ہیں بلکہ یہ ہمارے ماحولیاتی مستقبل کو شکل دینے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ درخت لگانا ایک ایسا اقدام ہے جو نہ صرف آج کی نسل کے لئے فائدہ مند ہے بلکہ مستقبل کی نسلوں کے لئے وسائل اور ماحول کو محفوظ رکھتا ہے۔”

رومینہ خورشید نے خاص طور پر اسلام آباد جیسے شہری علاقوں کے لیے مناسب درختوں کی اقسام کے انتخاب کی اہمیت کو اجاگر کیا، جہاں ماحولیاتی توازن کو برقرار رکھنا ضروری ہے۔ “دارالحکومت میں جو درخت لگائے جا رہے ہیں وہ مقامی ماحول کے مطابق ہونے چاہیے۔ غیر مقامی اقسام نے منفی اثرات مرتب کیے ہیں، جن میں رہائشیوں کے لیے صحت کے مسائل بھی شامل ہیں ،”انہوں نے آر سی سی آئی کی طرف سے درخت لگانے کی مہم اور مختلف ماحولیاتی آگاہی سرگرمیوں کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ یہ پاکستان کے کاربن کے اخراج کو کم کرنے کے عزم کا ایک اہم حصہ ہیں۔ “نجی شعبے بشمول کاروباری اداروں کا موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے میں حصہ نہایت اہم ہے۔ ایسے اقدامات کاربن کے اخراج کے مضر اثرات کو کم کرنے اور ایک صاف ستھری، سبز پاکستان کی جانب قدم بڑھانے میں معاون ہیں ،رومینہ خورشید عالم نے پودوں کی کاشت کے طویل مدتی فوائد پر بھی روشنی ڈالی اور کہا، “جو درخت ہم آج لگاتے ہیں وہ اگلی نسلوں کے لیے ایک مستقل ورثہ چھوڑ جائیں گے کیونکہ پودے لگانا ان کے مستقبل کے لئے بنیاد فراہم کرتا ہے، اور یہ درخت موسمیاتی تبدیلی سے لڑنے، ہوا کے معیار کو بہتر بنانے اور حیاتیاتی تنوع میں اضافہ کرنے میں مدد دیں گے۔”

انہوں نے پاکستان میں غیر معمولی موسمی تبدیلی کا ذکر کرتے ھوئے کہا، “اس سال ہم سب سے طویل خشک موسم کا سامنا کر رہے ہیں، اور پہلی بار اسلام آباد میں بغیر بارش کے سردی کا موسم دیکھنے کو ملا ہے۔ یہ غیر معمولی موسمی تبدیلی بدلتے ہوئے موسم کے نمونوں اور فوری اقدامات کی ضرورت کو ظاہر کرتا ہے،”رومینہ خورشید عالم نے موسمیاتی خطرات سے نمٹنے کے لیے علاقائی حکمت عملی کی ضرورت پر بھی زور دیا اور کہا “ہمیں علاقائی موسمیاتی چیلنجیز کے حل کے ساتھ ساتھ پاکستان جیسے ممالک کی مخصوص ضروریات اور مسائل کے لیے علاقائی حکمت عملی پر بھی توجہ مرکوز کرنی چاہیے ، درخت لگانے کی مہم میں مختلف ممالک کے سفیروں، کاروباری برادری اور سول سوسائٹی کے ارکان نے بھرپور شرکت کی جو کہ ماحولیاتی تحفظ اور سبز، پائیدار مستقبل کی جانب ایک مثبت قدم کے طور پر دیکھی جا رہی ہے۔