او جی ڈی سی ایل نے مالی سال 2024-25 کے ششماہی نتائج کا اعلان کر دیا او جی ڈی سی ایل کا خالص منافع 82.5 ارب روپے رہا۔ تر جمان او جی ڈی سی ایل

اسلام آباد (نیوز رپورٹر) آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے 28 فروری 2025 کومنعقد ہونے والے اجلاس میں دسمبر 2024 کے چھ ماہ کے مالی نتائج کی منظوری دے دی۔ کمپنی نے 4.05 روپے فی شیئر کا عبوری نقد ڈیویڈنڈ دینے کا اعلان کیا ہے، جو کہ او جی ڈی سی ایل کی تاریخ کا سب سے زیادہ سہ ماہی ڈیویڈنڈ ہے۔ اس سے رواں مالی سال میں اب تک اعلان کردہ کل ڈیویڈنڈ 7.05 روپے فی شیئر تک پہنچ گیا ہے ، واضع رہے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی، اور کرنسی کے اتار چڑھاؤ کے باوجود، او جی ڈی سی ایل نے اپنی بہتر کارکردگی کو برقرار رکھااورکمپنی کی نیٹ سیل 206.4 ارب روپے جبکہ خالص منافع 82.5 ارب روپے رہا۔ اسی مدت کے دوران، فی شیئر آمدنی 19.17 روپے رہی۔ کمپنی نے 62 فیصدمجموعی منافع اور 40 فیصدخالص منافع کا تناسب برقرار رکھا، جو اس کی مضبوط مالی کارکردگی کو ظاہر کرتا ہے۔

او جی ڈی سی ایل ملک کی سب سے بڑی تیل و گیس تلاش کرنے والی کمپنی ہے، جو پاکستان کی کل خام تیل پیداوار کا 48 ٖفیصد، گیس کا 28 فیصد، اور ایل پی جی کا 34 فیصدفراہم کر رہی ہے۔ مذکورہ مدت کے دوران او جی ڈی سی ایل کی خام تیل کی پیداوار 31,477 بیرل یومیہ، قدرتی گیس کی پیداوار 672 ملین مکعب کیوبک فٹ یومیہ اور ایل پی جی کی پیداوار 629 ٹن یومیہ رہی۔ کمپنی کی مجموعی یومیہ پیداوار 37,400 بیرل خام تیل، 840 ایم ایم سی ایف گیس اور 850 ٹن ایل پی جی رہی جس کو مزید بہتر بنانے کے لیے کوششیں جاری ہیں ، ترجمان کے مطابق او جی ڈی سی ایل نے ہائیڈرو کاربن کے ذخائر میں اضافے اور پیداوار کو بہتر بنانے کے اپنے عزم کو برقرار رکھا ہے اوراس دوران کمپنی نے کئی نمایاں کامیابیاں حاصل کیں ہیں۔ کمپنی نے چار نئے کنویں کھودے، جبکہ گزشتہ مالی سال کے چھ کنووں کی ڈرلنگ اور ٹیسٹنگ مکمل کی۔ پنجاب، سندھ اور خیبر پختونخوا میں تین نئے گیس کنڈینسیٹ ذخائر دریافت کیے گئے، جو کمپنی کے وسائل کو مزید مستحکم کرتے ہیں۔ پیداوار میں بہتری کے لیے نئے کنوؤں کو نظام میں شامل کیا گیا، جس سے خام تیل، گیس اور ایل پی جی کی پیداوار میں اضافہ ہوا۔

او جی ڈی سی ایل اپنے آپریشنز میں ای ایس جی اصولوں کو اپنانے کا عمل جاری رکھے ہوئے ہے اور سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کی ہدایات کے مطابق، کمپنی آئندہ مالی سال سے IFRS S1 (پائیداری سے متعلق انکشافات کے عمومی تقاضے) اور S2 IFRS (موسمیاتی تبدیلی سے متعلق انکشافات) پر عمل درآمد کرے گی۔ اس اقدام سے کمپنی کی شفافیت اور احتساب میں اضافہ اور پائیدار توانائی کے فروغ میں مدد ملے گی۔ او جی ڈی سی ایل اپنے ترقیاتی منصوبوں، لاگت کی مؤثر حکمت عملی، اور بہترین مالی نظم و نسق کے ساتھ توانائی کے شعبے میں اپنی قیادت برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔