اسلام آباد(نیوز رپورٹر)حکومتی دعووں اور اعلانات کے باوجود چینی کی قیمت میں نمایاں کمی نہ آسکی، اور مختلف شہروں میں چینی 180 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہی ہے۔ نائب وزیراعظم نے دو روز قبل چینی کی ریٹیل قیمت 164 روپے فی کلو مقرر کرنے کا اعلان کیا تھا، تاہم مارکیٹ میں اس فیصلے پر عملدرآمد نظر نہیں آ رہا۔سرکاری دستاویزات کے مطابق ملک میں چینی کی زیادہ سے زیادہ قیمت 180 روپے فی کلو تک جا پہنچی ہے، جبکہ اوسط قیمت 170 روپے 41 پیسے فی کلو ریکارڈ کی گئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق کراچی، اسلام آباد، راولپنڈی اور پشاور کے شہری سب سے مہنگی چینی خریدنے پر مجبور ہیں، جہاں قیمتیں دیگر شہروں کے مقابلے میں زیادہ ریکارڈ کی گئی ہیں۔سرکاری رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران چینی کی اوسط قیمت میں محض 1 روپے 49 پیسے کی کمی ہوئی ہے، جس کے بعد چینی کی اوسط قیمت 170 روپے 41 پیسے فی کلو ہوگئی ہے۔ گزشتہ ہفتے تک چینی کی اوسط قیمت 171 روپے 90 پیسے فی کلو تھی۔حکومت کی جانب سے چینی کی قیمت مستحکم رکھنے کے دعوے زمینی حقائق سے مختلف نظر آ رہے ہیں۔ حکومتی احکامات کے باوجود بازار میں قیمتوں میں کوئی نمایاں کمی دیکھنے میں نہیں آئی، اور عوام بدستور مہنگی چینی خریدنے پر مجبور ہیں.