وفاقی وزیر سمندر پار پاکستانیز و ترقی انسانی وسائل چوہدری سالک حسین سے چینی کمپنی یونی انٹرنیشنل کے وفد سے ملاقات

اسلام آباد(نیوز رپورٹر)وفاقی وزیر سمندر پار پاکستانیز و ترقی انسانی وسائل چوہدری سالک حسین سے چینی کمپنی یونی انٹرنیشنل کے وفد نے ملاقات کی، ملاقات میں پاکستانی لیبر کو ہنر کی فراہمی سے متعلق مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا، چینی وفد نے پاکستان میں سٹیٹ اف دی آرٹ سکل ڈویلپمنٹ انسٹیٹیوٹ کے قیام کی خواہش کا اظہار کیا، پہلے مرحلے میں انسٹیٹیوٹ پاکستانی لیبر کو ووکیشنل اور ٹیکنیکل ٹریننگ فراہم کرے گا۔

وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے چینی کمپنی کی جانب سے پاکستان میں سکل ڈویلپمنٹ انسٹیٹیوٹ کے قیام کی تجویز کا خیر مقدم کرتے ہوئے اس حوالے سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کے مابین ٹیکنیکل ایجوکیشن کے حوالے سے تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں، حکومت پاکستان لیبر کو جدید ٹیکنیکل اور ووکیشنل ٹریننگ کی فراہمی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے گی.

ایسے اقدامات ہمارے نوجوانوں کو روزگار کے بہتر مواقع کے لئے درکار مہارتوں سے لیس کریں گے،پاکستان کی بڑی آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، انہیں جدید علوم، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق مختلف فنون و شعبہ جات میں تربیت دے کر تیز رفتار ترقی اور خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر کیا جاسکتا ہے، ملاقات میں یونی انٹرنیشنل کے سی ای او ما زیاؤ یان اور دیگر حکام شامل تھے۔