اسلام آباد(نیوز رپورٹر) وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی ہم آہنگی، سینیٹر مصدق مسعود ملک نے اقوام متحدہ کے پائیدار ترقیاتی اہداف (SDGs) کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا ہے، جو ماحولیاتی موافقت، ماحولیاتی پائیداری اور انسانی فلاح و بہبود کے حصول کا ایک مؤثر راستہ ہیں جمعرات کے روز یہاں اقوام متحدہ ترقیاتی پروگرام (UNDP) پاکستان کے پانچ رکنی وفد کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے، سینیٹر ملک نے زور دیا کہ ایس ڈی جی محض نظریاتی اہداف نہیں بلکہ عملی رہنما اصول ہیں، جو ممالک کو مضبوط معیشتوں کی تشکیل، قدرتی ماحولیاتی نظام کے تحفظ اور موجودہ و آئندہ نسلوں کے لیے بہتر معیارِ زندگی کو یقینی بنانے میں مدد فراہم کرتے ہیں، یو این ڈی پی پاکستان کے کنٹری ریپریزنٹیٹو سیموئل رزق کی قیادت میں وفد نے وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک کو مختلف ایس ڈی جی اہداف، خاص طور پر موسمیاتی تبدیلی، ماحول، تعلیم، صحت اور صنفی مساوات سے متعلق پاکستان کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔
وزیر موصوف نے کہا، “ایس ڈی جی اہداف ہمیں موسمیاتی تبدیلی، ماحولیاتی انحطاط، اور سماجی عدم مساوات جیسے باہم مربوط چیلنجز سے نمٹنے کا ایک واضح فریم ورک فراہم کرتے ہیں۔ پاکستان میں یہ اہداف ہماری ماحولیاتی پالیسی اور ترقیاتی ایجنڈے کی بنیاد ہیں، سینیٹر ملک نے تمام شعبوں میں مربوط کوششوں کی اہمیت پر زور دیا تاکہ ان اہداف کے حصول میں حقیقی پیش رفت ممکن ہو۔ انہوں نے کہا کہ صرف حکومتی اقدامات کافی نہیں، بلکہ سول سوسائٹی، نجی شعبے، تعلیمی اداروں اور بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ اشتراک عمل بھی ضروری ہے، انہوں نے مزید کہا، “پاکستان ایس ڈی جی اہداف کے حصول کے لیے ایک جامع اور شفاف عمل کے ذریعے مکمل طور پر پرعزم ہے، ہم تمام متعلقہ سرکاری و غیر سرکاری اسٹیک ہولڈرز کو شامل کر رہے ہیں تاکہ کوئی بھی فرد ترقی کے اس سفر میں پیچھے نہ رہ جائے۔
وزیر نے اس جانب بھی توجہ دلائی کہ پاکستان، جو دنیا کے سب سے زیادہ موسمیاتی لحاظ سے غیر محفوظ ممالک میں شامل ہے، ایک اہم موڑ پر کھڑا ہے۔ صاف توانائی، ماحولیاتی لحاظ سے موزوں زرعی نظام، پائیدار شہری ترقی، اور ماحولیاتی نظام کی بحالی میں سرمایہ کاری، پائیدار ترقی اور موسمیاتی موافقت کو فروغ دینے کے لیے کلیدی ترجیحات ہیں، سیکرٹری وزارت موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی، عائشہ ہمیرا موراینی نے اجلاس کو بتایا کہ وزارت مختلف قومی اور بین الاقوامی تنظیموں کے ساتھ مل کر کئی اقدامات پر عمل درآمد کر رہی ہے، جن کا مقصد بالخصوص موسمیاتی تبدیلی، پانی، صحت اور ماحول سے متعلق ایس ڈی جی اہداف کا حصول ہے، سیکرٹری نے کہا، “وزارت موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی ہم آہنگی اپنے ماحولیاتی منصوبوں کو ایس ڈی جی ایجنڈے کے مطابق ڈھالنے کے لیے قومی و بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ قریبی تعاون کر رہی ہے تاکہ ترقیاتی اقدامات ماحولیاتی طور پر محفوظ اور سماجی طور پر منصفانہ ہوں، دونوں فریقین نے زرعی شعبے، ویسٹ ٹو انرجی، قابل تجدید توانائی، ٹرانسپورٹ، گرین انڈسٹری سے متعلق مختلف آئندہ اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا اور ان شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا تاکہ پاکستان کے ماحولیاتی پائیداری اور موسمیاتی موافقت کے اہداف کو حاصل کیا جا سکے۔