وزیرِ ریلوے کی ہدایت پر راولپنڈی ریلوے ڈویژن میں تجاوزات کے خلاف بڑا آپریشن

اسلام آ باد (نیوز رپورٹر)وفاقی وزیرِ ریلوے، محمد حنیف عباسی کی سخت پالیسی کے تحت اور سول ایڈمنسٹریشن کی بھرپور معاونت سے راولپنڈی ڈویژن میں تجاوزات کے خلاف ایک بڑا اور اہم آپریشن شروع کیا گیا۔ یہ آپریشن وزیرِ ریلوے کی ہدایت اور پختہ عزم کا نتیجہ ہے، جس میں حکومتی اداروں کی مشترکہ کوششوں نے تجاوزات کے خلاف جنگ کو مؤثر بنایا ، ڈی ایس نور الدین داوڑ کی قیادت میں شروع ہونے والے اس آپریشن کا مقصد ریلوے کی قیمتی اراضی کو واپس حاصل کرنا تھا۔ آپریشن میں ریلوے پولیس اور اینٹی انکروچمنٹ عملے کے ساتھ سول ایڈمنسٹریشن نے بھی بھرپور معاونت فراہم کی، جس کی بدولت اس آپریشن کی کامیابی میں اضافہ ہوا۔

مریڑ ریلوے پل کے ساتھ واقع لکڑیوں سے بنے ہوئے غیر قانونی گھر بھی گرا دیے گئے ہیں، جو پچھلی دو دہائیوں سے یہاں موجود تھے اور خانہ بدوشوں کی جھگیوں میں تبدیل ہو چکے تھے۔ یہ غیر قانونی تعمیرات اب پختہ عمارتوں میں تبدیل ہو چکی تھیں، جنہیں آپریشن کے دوران مکمل طور پر گرا دیا گیا۔ اس سے پہلے اس علاقے میں تقریباً 14 کینال اراضی غیر قانونی طور پر قابض تھی، جس کی مالیت کروڑوں روپے ہے ، وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی نے اس آپریشن کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ “ہماری حکومت کسی کو بھی ریلوے کی اراضی پر قبضہ کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔ ریلوے کی زمین کا ایک انچ بھی کسی کو ہڑپنے نہیں دیا جائے گا۔” انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ یہ آپریشن صرف اور صرف قانون کی عملداری، ریلوے کے نظام کی بہتری، اور عوامی مفاد میں کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ آپریشن پورے ملک میں کیا جائے گا تاکہ ریلوے کی تمام اراضی کو واپس حاصل کیا جا سکے اور ملک بھر میں تجاوزات کے خلاف ایک مضبوط پیغام دیا جا سکے۔ حکومت کے اس اقدام سے نہ صرف ریلوے کے نظام کی حفاظت ہوگی بلکہ عوامی مفاد بھی پورا ہو گا.