وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر مصطفیٰ کمال کی چینی ہم منصب سے ملاقات، صحت کے شعبے میں تعاون کے نئے امکانات پر گفتگو

اسلام آباد (نیوز رپورٹر)وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر مصطفیٰ کمال کی چینی ہم منصب سے ملاقات، صحت کے شعبے میں تعاون کے نئے امکانات پر گفتگو، شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کی ہیلتھ کانفرنس کے موقع پر وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر مصطفیٰ کمال نے چین کے وزیر صحت سے ملاقات کی، جو کہ خوشگوار ماحول میں ہوئی اور دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ دوستی اور صحت کے شعبے میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا ، چینی وزیر صحت نے ڈاکٹر مصطفیٰ کمال کو خوش آمدید کہا اور پاکستان کی صحت و ترقی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ملاقات میں دونوں جانب سے اس دیرینہ تعلق کو سراہا گیا جو آزمائش کے وقت، خصوصاً کورونا وبا کے دوران، ایک دوسرے کی مدد سے مزید مضبوط ہوا۔

ڈاکٹر کمال نے کورونا وبا کے دوران چین کی بروقت ویکسین فراہمی اور دیگر امداد پر حکومت اور عوامِ پاکستان کی جانب سے شکریہ ادا کیا، ملاقات کے دوران دونوں وزراء نے دواسازی کی صنعت، طبی ٹیکنالوجی، اور ڈیجیٹل ہیلتھ کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔ ڈاکٹر کمال نے چین سے دواسازی کے شعبے میں ٹیکنالوجی منتقلی کی ضرورت کو اجاگر کیا اور چینی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ، انہوں نے کہا کہ “پاکستان میں زیادہ تر دوا ساز کمپنیاں خام مال کی درآمد کے لیے چین پر انحصار کرتی ہیں۔ ہم مقامی سطح پر فعال دوا ساز اجزاء (APIs) کی تیاری کے لیے جوائنٹ وینچرز اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپس کے ذریعے پیداواری صلاحیت بڑھانا چاہتے ہیں۔

ٹیلی میڈیسن کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے، وزیر صحت نے کہا کہ ڈیجیٹل ہیلتھ ٹولز کے ذریعے بنیادی اور اعلیٰ سطح کی صحت کی سہولیات کے درمیان خلا کو پر کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے اس شعبے میں چین کے کامیاب تجربات سے سیکھنے کے عزم کا اظہار کیا، ڈاکٹر کمال نے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (DRAP) کی استعداد بڑھانے پر بھی زور دیا اور چینی ماہرین کے ساتھ تربیتی پروگراموں اور تبادلہ دوروں کی تجویز دی ، چینی وزیر صحت نے پاکستانی تجاویز کا خیرمقدم کیا اور صحت کے شعبے میں دو طرفہ تعاون کو وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ دونوں ممالک نے اتفاق کیا کہ:
– تعاون کے فریم ورک کو حتمی شکل دینے کے لیے فوکل پرسنز مقرر کیے جائیں گے،
– روایتی چینی طب (TCM) میں اشتراک کو فروغ دیا جائے گا،
– مشترکہ تربیت، تحقیق اور سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کیے جائیں گے،
– تبادلہ پروگرامز اور ادارہ جاتی روابط کو مضبوط کیا جائے گا۔

ملاقات کا اختتام صحت کے شعبے میں تعاون کو مزید گہرا کرنے کے عزم اور پاکستان-چین ہمہ موسمی اسٹریٹجک شراکت داری کے جذبے کی تجدید کے ساتھ ہوا۔