اسلام آباد ( نیوز رپورٹر ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان کے پاس “قابلِ اعتماد انٹیلی جنس معلومات” موجود ہیں، جن کے مطابق بھارت آئندہ 24 سے 36 گھنٹوں میں پاکستان کے خلاف ایک فوجی کارروائی کا منصوبہ بنا رہا ہے، جو کہ خطے اور اس سے باہر کے لیے “تباہ کن نتائج” کا باعث بن سکتی ہے ، وزیر اطلاعات نے کہا کہ “پاکستان کے پاس مصدقہ اطلاعات ہیں کہ بھارت پاہلگام واقعے میں پاکستان کے مبینہ کردار کے جھوٹے اور بے بنیاد الزامات کی آڑ میں یہ جارحیت کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔”
انہوں نے بھارت کے اس “خودساختہ منصف، مدعی اور جلاد” بننے کے کردار کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے اسے “انتہائی غیر ذمہ دارانہ اور خطرناک” رویہ قرار دیا ، عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان خود دہشتگردی کا شکار رہا ہے اور اس لعنت کے درد کو بخوبی سمجھتا ہے۔ “ہم نے دنیا بھر میں دہشتگردی کی ہر شکل اور صورت کی ہمیشہ مذمت کی ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست ہونے کے ناطے ایک آزاد، شفاف اور غیر جانبدار ماہرین پر مشتمل کمیشن کے ذریعے حقائق جاننے کے لیے تحقیقات کی پیشکش کرتا ہے ، تاہم، انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ بھارت نے سنجیدہ راستے کو اختیار کرنے کے بجائے ٹکراؤ اور غیر عقلی رویے کی راہ اپنائی ہے، جو کہ پورے خطے کے لیے خطرناک نتائج کا باعث بن سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تحقیقات سے بچنے کی کوشش خود بھارت کے اصل عزائم کو بے نقاب کرتی ہے۔ “عوامی جذبات کو سیاسی مفادات کے لیے استعمال کرتے ہوئے خطرناک فیصلے لینا انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت ہے،
وفاقی وزیر نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ “اگر بھارت نے کسی قسم کی فوجی مہم جوئی کی تو پاکستان اس کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دے گا ، انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ صورتحال کی نزاکت کو سمجھے کیونکہ “کسی بھی ممکنہ کشیدگی اور اس کے نتائج کی تمام تر ذمہ داری بھارت پر عائد ہو گی”،آخر میں عطا اللہ تارڑ نے پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ قوم اپنے دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار ہے.