اسلام آباد (نیوز رپورٹر)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جمعے کی کویت کے سفیر کو پہلگام واقعہ کے بعد جنوبی ایشیا میں پیش آنے والے حالات پر پاکستان کے موقف سے آگاہ کیا ،ریاستِ کویت کے سفیر ناصر عبدالرحمن جاسر نے وزیراعظم ہاؤس میں وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران وزیراعظم نے کویت کے امیر شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح کے لیے اپنی گرمجوشی بھرے پیغامات ارسال کیے۔ انہوں نے کویت اور پاکستان کے مضبوط تاریخی اور بھائی چارے کے تعلقات کو یاد کیا اور کہا کہ دونوں ممالک ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ وہ کویت کے ولی عہد شیخ صباح الخالد الحمد المبارک الصباح کی جلد از جلد پاکستان آمد کے خواہش مند ہیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ پاکستان دہشت گردی کی ہر شکل کی مذمت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 90 ہزار سے زائد جانی نقصان اور 152 ارب ڈالر سے زیادہ کا معاشی نقصان اٹھایا ہے.وزیراعظم نے بھارت کے بے بنیاد الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو پہلگام واقعہ سے جوڑنے کے لیے کوئی ثبوت پیش نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اپنے موقف پر پورا اعتماد ہے اور ہم نے بین الاقوامی برادری کو معتبر، شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کرانے کی پیشکش کی ہے۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ حکومت گزشتہ 15 ماہ میں دوست ممالک کی مدد سے حاصل ہونے والے معاشی فوائد کو مستحکم کرنے پر توجہ مرکوز کر رہی ہے۔ پاکستان کوئی ایسا اقدام برداشت نہیں کر سکتا جو خطے کی امن و سلامتی کو خطرے میں ڈالے۔ انہوں نے جنوبی ایشیا میں امن اور استحکام کے لیے پاکستان کی خواہش کو دہرایا ، کویت کے سفیر نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے پاکستان کا موقف واضح کیا اور کہا کہ کویت خطے میں امن و سلامتی کے لیے پاکستان کے وژن سے متفق ہے۔