نادرہ کے جاری کردہ شناختی کارڈ نمبر کو ہی میڈیکل ریکارڈ نمبر بھی بنا رہے ہیں۔ مصطفیٰ کمال

کراچی(نیوز رپورٹر)ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنما و وفاقی وزیر صحت نے صوبہ سندھ کی وزیر صحت عذرا پیچوہو سے ملاقات کرتے ہوئے کہا کہ کوشش کر رہے ہیں تمام صوبوں کو ساتھ لے کر چلیں، تکلیف میں مبتلا عوام کو ریلیف دے سکیں اس سلسلے میں ہم نادرہ کے جاری کردہ شناختی کارڈ نمبر کو ہی میڈیکل ریکارڈ نمبر بھی بنا رہے ہیں جس سے ناصرف مریضوں کا میڈیکل ریکارڈ محفوظ ہوگا بلکہ ہمیں بھی علم ہوگا کہ کب کہاں کن ادویات یا دیگر صحت کی سہولیات کی ضرورت ہے نیز ٹیلی میڈیسن سے ہم مریضوں کی دہلیز تک دوائیں اور ڈاکٹر کو پہنچائیں گے۔

وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف اسلام آباد میں جیسے جناح میڈیکل کمپلیکس اینڈ ریسرچ سینٹر بنا رہے ہیں ویسے ہی کراچی میں بھی جناح میڈیکل کمپلیکس اینڈ ریسرچ سینٹر سیٹلائٹ منظور کر لیا ہے۔ دونوں وزراء صحت نے ملاقات میں وفاق اور صوبہ سندھ کے مابین تعاون بڑھانے اور ملک بھر کے عوام کو یکساں اور معیاری صحت کی سہولیات کی فراہمی کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔ مصطفیٰ کمال نے یقین دلایا کہ وفاقی حکومت صحت کی سہولیات بہتر کرنے کے لیے صوبوں کی ہر ممکن مدد کرنے کے لیے بالکل تیار ہے جبکہ عذرا پیچوہو نے بھی صوبے میں جاری ترقیاتی کاموں اور درپیش چیلنجز پر تفصیلی بات کی۔