اسلام آباد ( سپیشل رپورٹر)پاکستان میں کام کرنیوالی مشہور کمپنیاں امارات گروپ، ‘ گھرانہ ڈاٹ کام‘ ایمازون مال‘ مال آف امارات اور ایجنسی 21 بھی اربوں روپے کے فراڈ میں ملوث نکلی ،متاثرین نے ان کمپنیوں کیخلاف نیب میں شکایات درج کروانے کے باوجود کارروائی نہ ہونے پر ان کمپنیوں کے ڈسے متاثرین نے آج نیب کے دفاتر اور پریس کلب کے باہر دھرنا دینے کااعلان کیا ہے ۔ متاثرین نے کیپیٹل نیوزپوائینٹ کو بتایا کہ متعلقہ کمپنیوں نے ان کے اربوں روپے ہڑپ کررکھے ہیں اور پیسے بھی نہیں واپس کئے جارہے۔
ڈاکٹر صفدر ،احتشام خان و دیگر متاثریننے بتایا کہ ان کمپنیوں کے خلاف نیب میں متعدد بار درخواستیں دے چکے ہیں تاہم کوئی شنوائی نہیں ہورہی۔ انھوں نے کہا کہ آخر ہم نے تنگ آکر آج نیب راولپنڈی کے دفاتر اور پریس کلب کے باہر احتجاجی دھرنے کا اعلان کیا ہے۔ متاثرین نے وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف ‘ ڈی جی نیب‘ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور دیگر متعلقہ اداروں کے سربراہان سے مطالبہ کیا ہے کہ متعلقہ کمپنیوں کے خلاف تحقیقات کرکے ملوث افراد جن میں چیئرمین شفیق اکبر کے علاوہ فرحان جاوید‘ ارسلان جاوید و دیگر کے خلاف کارروائی کی جائے۔ متاثرین نے کہا کہ اگر ہماری شنوائی نہ ہوئی تو احتجاج اور دھرنے کا دائرہ ملک گیر سطح پر پھیلانے سے گریز نہیں کریں گے۔