اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار نے یورپی یونین کی اعلیٰ نمائندہ برائے خارجہ امور و سلامتی پالیسی / کمیشن کی نائب صدر کاجا کالاس سے ٹیلیفونک گفتگو کی۔ جمعرات کو دفترِ خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے اس سے قبل 2 مئی 2025 کو بھی علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا تھا۔
گفتگو کے دوران نائب وزیرِ اعظم نے مشکل حالات میں پاکستان کے لئے یورپی یونین کی حمایت اور یکجہتی پر کاجا کالاس کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے بھارت کے واضح جارحانہ اقدام کی شدید مذمت کی جو پاکستان کی خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی اور خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرہ ہے۔
وزیرِ خارجہ نے زور دیا کہ بھارت کے اقدامات اقوامِ متحدہ کے چارٹر، بین الاقوامی قوانین اور بین الریاستی تعلقات کے اصولوں کی خلاف ورزی ہیں اور بھارت کی جانب سے دہشت گردوں کے ڈھانچے کو نشانہ بنانے کے بے بنیاد دعوؤں کو مسترد کردیا۔ انہوں نے ایک بار پھر واضح کیا کہ پہلگام حملے سے پاکستان کے کسی بھی قسم کے تعلق کا کوئی معتبر ثبوت موجود نہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اقوامِ متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 اور بین الاقوامی قوانین کے تحت کسی بھی مناسب وقت اور جگہ پر مناسب جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔اعلیٰ نمائندہ کاجا کالاس نے شہریوں کی اموات پر دلی افسوس کا اظہار کیا اور متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کی۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ دونوں فریقین کو مکمل ضبط و تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے اور بات چیت و سفارتکاری کے ذریعے مسئلے کا حل تلاش کرنا چاہیے۔