10 مئی کو پاکستان کی افواج نے بھارتی جارحیت کا جس جرات مندانہ انداز میں جواب دیا، اس پر پوری قوم کو اپنی مسلح افواج پر فخر ہے۔شاہد عبدالسلام تھہیم

کراچی(سٹٍاف رپورٹر)وزیر محنت و انسانی وسائل، حکومت سندھ، شاہد عبدالسلام تھہیم نے کہا ہے کہ 10 مئی کو پاکستان کی افواج نے بھارتی جارحیت کا جس جرات مندانہ انداز میں جواب دیا، اس پر پوری قوم کو اپنی مسلح افواج پر فخر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو سندھ اسمبلی میں گورنر سندھ کی جانب سے بلائے گئے خصوصی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس پاکستان کی شاندار کامیابی کی یاد میں ملک گیر تقریبات کا حصہ تھا، جس میں صوبائی اسمبلی کے ارکان نے مادر وطن کے دفاع میں مسلح افواج کی قربانیوں اور بہادری کو خراج تحسین پیش کیا۔ وزیر محنت نے کہا کہ ہماری افواج نے “آپریشن بنیان اُم مرسوس” کے دوران دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا اور دنیا کو پیغام دیا کہ پاکستان اپنی خودمختاری کے تحفظ کے لیے ہر حد تک جا سکتا ہے۔

انہوں نے بھارتی میڈیا کی جانب سے پھیلائی جانے والی جھوٹی خبروں اور منفی پروپیگنڈے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سچ ہمیشہ سامنے آتا ہے، اور اس بار بھی دنیا نے پاکستان کی سچائی کو تسلیم کیا۔
وزیر محنت نے مزید کہا کہ ان کا محکمہ اس تاریخی کامیابی کے جشن کے طور پر مزدور طبقے کے درمیان سیمینارز، ورکشاپس اور کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد کرتا رہے گا، تاکہ نوجوان نسل میں قومی یکجہتی اور حب الوطنی کے جذبے کو فروغ دیا جا سکے۔

شاہد عبدالسلام تھہیم نے کہا کہ پاکستان کی کمزور معیشت کی بات کرنے والے اب دیکھ چکے ہیں کہ ہماری اصل طاقت ہماری افواج ہیں، جو ہر قسم کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔