اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)سرکاری ملکیت میں موجود پرانے اور غیر فعال پاور پلانٹس کی نیلامی کے دوسرے مرحلے کی بولی اسلام آباد میں ہو رہی ہے۔ اس مرحلے میں مجموعی طور پر 2,362 میگاواٹ صلاحیت کے حامل تین بڑے پاور پلانٹس کو فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا۔
فروخت کے لیے پیش کیے جانے والے منصوبوں میں تھرمل پاور اسٹیشن جامشورو (880 میگاواٹ)، تھرمل پاور اسٹیشن مظفرگڑھ (1,350 میگاواٹ)، اور اسٹیم پاور اسٹیشن فیصل آباد (132 میگاواٹ) شامل ہیں۔ ان منصوبوں کے لیے مشترکہ ریزرو پرائس 26 ارب 62 کروڑ روپے مقرر کی گئی ہے۔
نیلامی کا یہ عمل حکومتِ پاکستان کے توانائی اصلاحاتی ایجنڈے، کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ECC) کے فیصلوں، وزیراعظم کے احکامات اور وزارتِ توانائی (پاور ڈویژن) کی ہدایات کی روشنی میں مکمل شفافیت کے ساتھ انجام دیا جا رہا ہے۔ تقریب کا انعقاد جنکو ہولڈنگ کمپنی لمیٹڈ کے دفتر، واقع اُو پی ایف بلڈنگ، جی-5/2 اسلام آباد میں صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل نیلامی کے پہلے مرحلے میں سات مختلف پرانے تھرمل پاور پلانٹس کامیابی سے فروخت کیے جا چکے ہیں، جن کی کل بولی تقریباً 9 ارب روپے سے زائد رہی، جو ریزرو قیمتوں سے زیادہ تھی۔
نیلامی کا دوسرا مرحلہ نہ صرف مالی وسائل کے بہتر استعمال کی جانب قدم ہے بلکہ توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع بھی پیدا کرے گا۔ تقریب میں شریک بولی دہندگان، میڈیا نمائندگان اور متعلقہ اداروں کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے تاکہ شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔