اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی ملنے پر سید عاصم منیر کو مبارکباد دی ہے۔اپنے تہنیتی پیغام میں انھوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے لئے نیک تمناؤں کا اظہارکیا۔انہوں نے کہاکہ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے محنت اور پیشہ وارانہ مہارت سے یہ مقام حاصل کیا ہے، معرکہ حق کی شاندار فتح کے بعد فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی سید عاصم منیر کا حق تھا۔
ان کی قیادت میں مسلح افواج نے دشمن کو عبرتناک سبق سکھایا۔ انہوں نے واضح کیا کہ قوم دشمن کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بن کر مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی رہی اس کا کریڈٹ آرمی چیف سید عاصم منیر کو جاتا ہے، جرأت، شجاعت، تدبر، حکمت اور دانش کا جو مظاہرہ سید عاصم منیر نے دکھایا اس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔ یقین ہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیرکی قیادت میں پاک فوج نئی بلندیوں تک جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ان کی قیادت میں مسلح افواج کی مزید کامیابیوں اور کامرانیوں کے لئے دعا گو ہوں۔